فیصل آباد میں ضمنی الیکشن کیلئے سیاسی سرگرمیاں تیز

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد میں قومی اسمبلی کے دو اور صوبائی اسمبلی کے ایک حلقہ میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں مجموعی طور پر 54امیدواروں کے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کا مرحلہ مکمل ہونے کے بعد مذکورہ حلقوں میں سیاسی سرگرمیاں تیز’ امیدواروں کے ڈیروں پر سیاسی کارکنوں کا رش’ انتخابی میٹنگز اور ڈور ٹو ڈور کمپیئن کا سلسلہ بھی شروع ہو گیا۔ تفصیل کے مطابق فیصل آباد میں 5اکتوبر کو ہونے والے ضمنی انتخابات میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے96′ این اے104 اور پی پی98 میں 54 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے ہیں اور ان میں متعدد امیدوار بطور کورننگ امیدوار بھی ہیں جو کہ سکروٹنی کے عمل کے بعد اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لیں گے جبکہ بعض امیدواروں کی طرف سے مخالف امیدوار کے کاغذات نامزدگی مسترد کروانے کیلئے اعتراضات ریٹرننگ آفیسرز کو جمع کروانے کیلئے سرگرم ہو گئے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے الیکشن کے بائیکاٹ کے باعث مسلم لیگی امیدوار خوش نظر آ رہے ہیں کہ وہ ضمنی الیکشن باآسانی کامیابی حاصل کر لینگے۔ تاہم ضمنی الیکشن کے موقع پر فیصل آباد میں مذکورہ حلقوں میں سیاسی گہما گہمی بڑھ گئی۔ امیدواروں کیساتھ ساتھ سیاسی ورکرز اور تنظیمی عہدیداروں کے ڈیروں پر بھی رات گئے تک لوگوں کا رش’ امیدواروں نے بھی اپنے اپنے علاقوں میں سیاسی کمپیئن کو تیز کر دیا۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے شیڈول کے مطابق 16ستمبر کو انتخابی نشانات الاٹ کریگا اور مسلم لیگ (ن) 15ستمبر کو مذکورہ حلقوں میں اپنے امیدواروں کو ٹکٹ جاری کریگی۔ مسلم لیگی امیدواروں نے ٹکٹ کے حصول کیلئے اکابرین مسلم لیگ (ن) سے رابطوں کو تیز کر دیا ہے۔دریں اثنا.فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عدالت سے سزا پانے والے پاکستان تحریک انصاف کے حلقہ پی پی115 سے شیخ شاہد جاوید’ حلقہ پی پی116 سے ملک اسماعیل سیلا کو بھی نااہل قرار دینے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا اور الیکشن کمیشن پاکستان کی جانب جلد مذکورہ صوبائی اسمبلی کے حلقوں میں ضمنی انتخابات کے شیڈول کااعلان کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے 9مئی کے واقعہ میں حلقہ پی پی115 کے ممبر صوبائی اسمبلی شیخ شاہد جاوید کو 3سال اور حلقہ پی پی116 کے رکن صوبائی اسمبلی ملک اسماعیل سیلا کو 10سال قید کی سزا کا حکم سنایا ہے۔ جس پر الیکشن کمیشن نے مذکورہ ممبران صوبائی اسمبلی کے نااہل قرار دینے کے نوٹیفکیشن جاری کر دیا جس کے بعد مذکورہ حلقوں میں امیدواروں نے سیاسی کمپیئن شروع کر دی۔ مسلم لیگی حلقوں میں حلقہ پی پی115 سے میاں طاہر جمیل اور حلقہ پی پی116 سے رانا احمد شہریار خاں مضبوط امیدوار کے طور پر سامنے آئے ہیں اور انہوں نے اپنی بھرپور کمپئین کا آغاز کر دیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں