فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) گزشتہ ماہ مئی کے دوران فیصل آباد میں مختلف واقعات کے دوران مجموعی طور پر 597 افراد زندگی کی بازی ہار گئے، ریسکیو1122 کے ذرائع کے مطابق ماہ مئی کے دوران کنٹرول روم کو 14474 ایمرجنسی کالز موصول ہوئیں۔ جن میں 2838 ٹریفک حادثات’ میڈیکل ایمرجنسی کے 9848 ‘ آگ لگنے کے 236′ عمارتیں گرنے کے 9′ ڈوبنے کے 5′ قتل اقدام قتل’ خودکشی سمیت لڑائی جھگڑے کے 321 اور متفرق ایمرجنسی کے 1092 واقعات رونما ہوئے۔ ریسکیو1122 کی ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 14493 افراد کو ریسکیو کیا۔ 8315 افراد کو موقع پر طبی امداد فراہم کی گئی جبکہ شدید زخمی ہونے والے 5431 افراد کو طبی امداد فراہم کرتے ہوئے مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا۔ علاوہ ازیں جانوروں سے ہمدردی کے تحت مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے 131 جانوروں کو بھی ریسکیو کیا۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر احتشام واہلہ نے شہریوں کو شدید گرمی اور ہیٹ ویو کے پیش نظر احتیاطی تدابیر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ درجہ حرارت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ شہری دھوپ میں بلاضرورت نکلنے سے گریز کریں، پانی اور ٹھنڈے مشروبات کا استعمال کریں جبکہ بچوں’ بزرگوں اور بیمار افراد کا خصوصی خیال رکھیں۔




