فیصل آباد میں پہلے کارپوریٹ کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)انڈس ہسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک کے زیر اہتمام فیصل آباد میں پہلا کارپوریٹ کرکٹ چیمپئن شپ2025ء کا کامیابی کے ساتھ انعقاد ہوا۔ اس دلچسپ ایونٹ میں پاکستان کی معروف کارپوریٹ ٹیموں نے حصہ لیا۔ جس کا مقصد انڈس اسپتال کی ایمرجنسی سروسز کیلئے فنڈز اکٹھے کرنا تھا۔ یہ چیمپئن شپ کارپوریٹ سماجی ذمہ داری(CSR)اور باہمی تعاون کی ایک شاندار مثال تھی ، جو ضرورت مند مریضوں کیلئے زندگی بچانے والی صحت کی سہولیات کو یقینی بنانے کے عزم کی عکاس ہے۔ چیمپئن شپ کا فائنل ابیکس ایلون اور الحمرا ٹیکسٹائل کے درمیان ہوا جس میں ایک دلچسپ مقابلے کے بعد ابیکس الیون نے الحمرا ٹیکسٹائل کو با آسانی شکست دے کر فائنل مقابلہ اپنے نام کیا۔اس سال چیمپئن شپ پانچ شہروں میں کروائے جا رہے ہیں جن میں کراچی، لاہور، اسلام آباد، ملتان اور فیصل آباد شامل ہیں۔ فنڈ ریزنگ کے سلسلے میں ہونے والے اس ٹورنامنٹ میں سامبا بینک، مہر اسٹیٹ، عسکری لائف، الحمرا ٹیکسٹائل، این ٹی یو، این آئی یو، Abacusاور کشمیر و انڈسٹریز کی ٹیموںنے بھر پور جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا۔6اوورز پر مشتمل ٹیپ بال فارمیٹ میں ہونے والے میچز ناک آئوٹ بنیادوں پر کھیلے گئے ۔جنہوں نے شائقین کرکٹ کو زبردست مقابلے اور دلچسپ لمحات فراہم کیے۔ چیمپئن شپ کا بنیادی مقصد انڈس ہسپتال کی ایمرجنسی کیلئے فنڈز اکٹھے کرنا تھا، جو ہر سال ہزاروں نادرا اور شدید بیمار مریضوں کو مفت، معیاری اور بروقت علاج فراہم کرتی ہیں۔ انڈس اسپتال کورنگی کیمپس کا ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ سالانہ ایک لاکھ سے زائد مریضوں کا علاج کرتا ہے اور25لاکھ سے زائد آبادی کو طبی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔ اسی طرح او پی ڈی روزانہ ہزاروں مریضوں کو مفت علاج کی سہولت فراہم کر رہی ہے۔ایونٹ میں کارپوریٹ رہنمائوں، اسپانسرز اور میڈیا پارٹنرز نے بھر پور شرکت کی۔ جن کے تعاون نے اس تقریب کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کی شمولیت نے معاشرتی خدمت اور صحت کے نظام کو مضبوط بنانے کے عزم کو مزید تقویت دی۔اس چیمپئن شپ سے حاصل ہونے والے تمام فنڈز براہ راست انڈس اسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک کی ایمرجنسی اور او پی ڈی سروسز کے لیے وفف کیے جائیں گے تاکہ ہر مریض کو مفت ، ہمدردانہ اور زندگی بچانے والی طبی سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں