فیصل آباد میں ڈینگی مچھروں کی بہتات،سپرے نہ ہونے کے برابر

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد میں مچھروں کی بہتات’ ہسپتالوں میں ڈینگی کے مشتبہ مریضوں کی آمد’ انسداد ڈینگی سکواڈ کی کارکردگی کاغذی کارروائیوں تک محدود’ صورتحال کا فوری نوٹس لیکر بھی اقدامات اٹھائے جائیں’ عوامی سماجی حلقوں کا پرزور مطالبہ۔ تفصیل کے مطابق بدلتے موسم میں ڈینگی مچھروں نے سر اٹھانا شروع کر دیا’ بارش کے پانی اور گٹروں کے اوورفلو ہونے سے صورتحال مزید ابتر ہونے لگی ہے، شہر کے مختلف علاقوں میں گٹروں کا پانی کھڑا ہونے کی اطلاعات بھی مل رہی ہیں اور کئی جگہوں پر بارش کا پانی کھڑا ہے۔ ان حالات میں مچھروں کی افزائش ہونا یقینی ہے، فیصل آباد کے کئی علاقوں میں مچھروں کی بھرمار ہو چکی ہے اور لوگ بخار سمیت دیگر امراض میں مبتلا ہونے لگے ہیں۔ ہسپتالوں اور پرائیویٹ کلینکس پر بخار کے مریضوں کی آمد جاری ہے۔ فیصل آباد کے مختلف ہسپتالوں میں ڈینگی کے مشتبہ مریضوں کو لایا جا رہا ہے مگر اس کے باوجود شہر کے مختلف علاقوں میں مچھر مار سپرے نہ ہونے کے برابر ہے، ان حالات میں انسداد ڈینگی سکواڈ کو متحرک ہونا چاہیے مگر مبینہ طور پر اس کی کارکردگی کاغذی کارروائیوں تک محدود ہو چکی ہے۔ عوامی سماجی حلقوں نے اس صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ شہریوں کو ڈینگی وائرس سے بچانے کیلئے تمام ذرائع بروئے کار لاتے ہوئے بھرپور اقدامات اٹھائے جائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں