فیصل آباد ڈویژن میں محرم الحرام پر سکیورٹی کے مثالی انتظامات کئے جائینگے،خواجہ سلمان رفیق

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر کابینہ کمیٹی برائے امن و امان نے فیصل آباد کا دورہ کیا اور کمشنر آفس میں محرم الحرام سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے اعلی سطحی اجلاس ہوا۔ وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے اجلاس کی صدارت کی جس میں صوبائی وزرا ملک صہیب احمد بھرتھ، سید عاشق حسین کرمانی اور بلال اکبر خان بھی شریک تھے۔ سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی، ایڈیشنل آئی جی پنجاب چوہدری سلطان، ڈی آئی جی سپیشل برانچ خرم شہزاد اور ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عثمان گوندل نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ اس موقع پر کمشنر فیصل آباد مریم خان اور آر پی او ذیشان اصغر نے محرم الحرام سکیورٹی اور دیگر انتظامات بارے بریفنگ دی۔ اجلاس کو بتایا گیا ہے فیصل آباد ڈویژن میں تمام 4402مجالس اور 1528جلوس کے انتظامات مکمل ہیں۔ اسی طرح 160شعلہ بیاں ذاکرین و مقررین کی ضلع بندی اور 119کی زباں بندی کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ فیصل آباد میں 234افراد کو فورتھ شیڈول میں شامل کیا گیا۔ محرم الحرام کے دوران پولیس کی مدد کیلئے فیصل آباد ڈویژن میں آرمی کی 12اور رینجرز کی 10کمپنیاں بھی سکیورٹی پر تعینات ہونگی۔ اجلاس سے خطاب میں چیئرمین کابینہ کمیٹی خواجہ سلمان رفیق کا کہنا تھا کہ وزیراعلی پنجاب کے حکم پر صوبہ بھر میں جاکر انتظامات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ پنجاب میں انتظامات مثالی ہیں اور تمام انتطامیہ و فورس تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اتحاد بین المسلمین کے اصول کے تحت پرامن محرم الحرام کی جانب گامزن ہیں۔ صوبائی وزرا نے ہدایت کی کہ انتظامیہ محکمہ داخلہ کے جاری کردہ قواعد و ضوابط پر من و عن عملدرآمد یقینی بنائے۔ اجلاس میں مقامی ممبرانِ اسمبلی، تمام ڈویژنل ڈپٹی کمشنرز، ڈی پی اوز اور متعلقہ اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ بعد ازاں کابینہ کمیٹی نے ڈویژنل امن کمیٹی اور علما و مشائخ سے بھی کمشنر آفس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر تمام مکاتب فکر کے علما و مشائخ نے محرم الحرام کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اراکین امن کمیٹی نے کہا کہ فیصل آباد ڈویژن میں پر امن محرم الحرام کیلئے ہم سب اکٹھے ہیں، انتظامیہ کیساتھ تمام روٹ کا دورہ کر رہے ہیں اور ایک ایک عبادت گاہ میں گئے۔ کابینہ کمیٹی برائے امن و امان نے اس کے بعد فیصل آباد میں مرکزی جلوس کے روٹ اور امام بارگاہوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر وزیر صحت و چیئرمین خواجہ سلمان رفیق کے ہمراہ وزیر زراعت سید عاشق حسین کرمانی، سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی، ایڈیشنل آئی جی پنجاب چوہدری سلطان، ڈی آئی جی سپیشل برانچ خرم شہزاد، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عثمان گوندل، آر پی او فیصل آباد ذیشان اصغر، ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ احسان جمالی اور متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ اراکین کابینہ کمیٹی نے مرکزی جلوس روٹ امام بارگاہ حیدریہ، امام بارگاہ جعفریہ حسین پورہ اور جلوس امام بارگاہ عزاخانہ شبیر کا جائزہ لیا۔ کابینہ کمیٹی کو محرم الحرام کے تمام جلوسوں کے روٹس اور سکیورٹی انتظامات بارے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سلمان رفیق کا کہنا تھا کہ وسیع پیمانے پر شربت سبیل اور لنگر کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ انتظامیہ اور امن کمیٹیاں معاملہ فہمی کیساتھ عمدہ انتظامات کر ریے ہیں۔ سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ تمام مکاتب فکر محرم الحرام پرامن انداز اور مذہبی عقیدت و احترام سے گزاریں گے۔ صوبائی وزرا نے کہا کہ امن کمیٹی اراکین، منتظمین، لائسنس ہولڈرز اور علما و مشائخ سے ملاقات کر رہے ہیں جو انتظامات سے مطمئن ہیں۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا کہ محرم الحرام کی مجالس اور عزاداری جلوسوں کی مانیٹرنگ کے انتظامات مکمل ہیں اور پنجاب بھر کے جلوس و مجالس کو متعلقہ ضلعی کنٹرول روم کیساتھ ساتھ محکمہ داخلہ پنجاب کے مرکزی کنٹرول روم سے مانیٹر کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں