فیصل آباد کے بڑھتے ہوئے مسائل پر اظہار تشویش

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) سابق ڈسٹرکٹ ناظم فیصل آباد رانا زاہد توصیف نے فیصل آباد کے بڑھتے مسائل ‘متعلقہ اداروں کی قصداً خاموشی’ عدم توجہی اور بالخصوص شہر کی سڑکوں کی شکستہ حالی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ترقیاتی اور تعمیراتی سکیموں کے ضمن میں صرف لاہور کو ترجیح دینا اور فیصل آباد کو نظر انداز کرنے کی پالیسی ناقابل فہم اور معنی خیز ہے موجودہ وقت میں فیصل آباد کی بیشتر سڑکوں کی حالت زار قابل رحم ہو چکی ہے جن کی تعمیر و مرمت وقت کی اہم ضرورت ہے شہر اور دیہی علاقوں کی رابطہ سڑکیں بھی عرصہ دراز سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں اسی طرح شہر کے تقریباً سبھی تفریحی پارکس جڑ چکے ہیں اور حالت ناگفتہ بہ ہے گرین بیلٹوں پر بھی توجہ کی ضرورت ہے انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ پی ایچ اے کی کارکردگی میں بہتری لائی جائے نیز فیصل آباد کی ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ سڑکوں کی تعمیر اور دیگر ترقیاتی پراجیکٹس کی تکمیل کے لئے فنڈز کے حصول کو یقینی بنائیں اپنے بیان میں رانا زاہد توصیف نے گاڑیوں کی پارکنگ کے نظام میں بہتری لانے کیلئے شہر کے چاروں اطراف پارکنگ پلازوں کی تعمیر اور کوتوالی روڈ پر گذشتہ کئی سالوں سے زیر التواء پلازہ کیلئے فنڈز مختص کر کے جلد تعمیر کا مطالبہ کیا ہے انہوں نے آخر میں کہا کہ ملک کا تیسرا بڑا اور صنعتی شہر موجودہ وقت میں سہولیات کی عدم فراہمی کے باعث ”لاوارث” ہو چکا ہے حکومت پنجاب سمیت تمام متعلقہ اداروں کو اپنی ذمہ داری احسن طریقہ سے نبھانے اور شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی سمیت فیصل آباد کو مسائل سے پاک کرنے کیلئے عملی اقدامات کرنا ہونگے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں