فیفاورلڈ کپ’امریکہ نے پہلی کامیابی سمیٹ لی

لاس اینجلس (سپورٹس نیوز) فیفا ورلڈ کپ 2026 کے دوسرے روز گروپ بی اور گروپ ڈی کے میچز کھیلے گئے۔گروپ بی میں کینیڈا اور بوسنیا کے درمیان میچ کھیلا گیا جو ایک، ایک سے برابر رہا جبکہ گروپ ڈی کا میچ امریکا اور پیرا گوئے کے درمیان کھیلا گیا جس میں میزبان امریکا نے 4-1سے میچ میں کامیابی حاصل کی۔ فٹ بال ورلڈ کپ کے دوسرے دن کا پہلا میچ میزبان کینیڈا اور بوسنیا کے درمیان ٹورنٹو اسٹیڈیم میں کھیلا گیا جو ایک ایک گول سے برابر رہا۔بوسنیا کی ٹیم نے رینکنگ میں اپنی سے بہتر ٹیم کے خلاف شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ بوسنیا کی جانب سے جووو لوکچ نے کھیل کے دوسرے ہاف میں گیند جال میں پھینکا جبکہ کینیڈا کی جانب سے گول کائل لارین نے کھیل کے دوسرے ہاف میں کیا۔ دن کا دوسرا میچ لاس اینجلس میں امریکا اور پیرا گوئے کے درمیان کھیلا گیا ، جہاں کھیل کے پہلے ہاف میں ہی امریکی ٹیم نے تین صفر کی سبقت حاصل کرلی تھی۔امریکا کو برتری پیراگوئے کے کھلاڑی بوبا ڈیلا نے گیند اپنے ہی جال میں پہنچاکر دلائی، دوسرا گول امریکی پلیئر بیلوگن نے اسکور کیا ، پہلے ہاف کے اختتام سے چند سیکنڈ پہلے بیلوگن نے اپنا دوسرا اور ٹیم کا تیسرا گول بنایا۔امریکا کی جانب سے میچ کا چوتھا گول اختتامی لمحات میں گیوانی رینا نے اسکور کیا، اسی گول کے ساتھ میچ کا خاتمہ امریکا کی چار ایک کی جیت پر ہوا۔دوسرے ہاف میں پیراگوئے کی ٹیم ایک گول کا خسارہ پورا کرنے میں کامیاب ہوئی، یہ گول ان کی جانب سے 73ویں منٹ میں مارسیو نے گیند کو جال میں پھینکا۔فیفا ورلڈ کپ 2026 میں کل گروپ بی، سی، ڈی اور ای کے مجموعی طور پر پانچ دلچسپ میچز کھیلے جائیں گے۔گروپ بی میں قطر کا مقابلہ سوئٹزرلینڈ سے ہوگا جبکہ گروپ سی میں دو میچز شیڈول ہیں۔ پہلے میچ میں پانچ بار کی عالمی چیمپئن برازیل کا سامنا مراکش سے ہوگا جبکہ دوسرے مقابلے میں ہیٹی اور اسکاٹ لینڈ آمنے سامنے آئیں گے۔گروپ ڈی میں آسٹریلیا اور ترکیہ کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی جبکہ دن کے آخری میچ میں گروپ ای کے تحت جرمنی کا مقابلہ کوراکاو سے ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں