قبضہ مافیا کیخلاف کارروائی تیز کی جائے،مریم نواز

لاہور (بیوروچیف) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں جائیدادوں پر ناجائز قبضوں کے خلاف سخت ترین کارروائی کا اعلان کردیا۔لاہور میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدار ت کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا ہے کہ پنجاب میں ہر فیصلہ فوری نافذ ہوگا اور ہر شہری کی جائیداد محفوظ بنائی جائے گی۔انہوں نے ہدایت کی کہ بے سہارا بیواں کی ملکیتی زمینوں پر قبضے سے متعلق کیسز کو فوری طور پر نمٹا کر متاثرہ خواتین کو ترجیحی بنیادوں پر انصاف فراہم کیا جائے۔ اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ گزشتہ 3 ہفتوں کے دوران صوبے بھر سے ناجائز قبضوں کیخلاف 2919درخواستیں موصول ہوئی تھیں۔موصولہ درخواستوں میں سے499 کیسز ڈسٹرکٹ ڈسپیوٹ ریزولیشن کمیٹیوں نے حل کیے ہیں۔وزیراعلیٰ نے سست روی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے خاص طور پر گجرات، لیہ، حافظ آباد سمیت بعض اضلاع میں قبضہ کیسز کے فیصلوں میں تاخیر پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔مریم نواز نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ روزانہ قبضہ مخالف کارروائیوں کے حوالے سے اجلاس منعقد کریں اور پیش رفت سے متعلق رپورٹ روزانہ وزیراعلی آفس بھجوائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ خود اس پورے عمل کی براہ راست مانیٹرنگ کریں گی۔وزیراعلیٰ نے اس ضمن میں آرڈیننس کے مکمل نفاذ کا حکم دیتے ہوئے واضح کیا کہ ناجائز قبضوں کے خلاف کارروائی کو موثر اور تیز رفتار بنایا جائے۔صوبے کی ہر تحصیل میں اسسٹنٹ کمشنر آفس کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ قبضہ شکایات کی درخواستیں فوری وصول کریں، جبکہ حکومتی اقدامات سے عوام کو آگاہ کرنے کے لیے مساجد میں اعلانات بھی کرائے جائیں گے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ناجائز قبضہ کیسز کے فوری حل سے عوام کو حقیقی ریلیف ملے گا، اور حکومت اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کرے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں