قتل کے مجرم پٹرولنگ پولیس کے کانسٹیبل عثمان حمید کوعمر قید اور5لاکھ جرمانہ کی سزا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد اویس نے تھانہ ڈجکوٹ کے مقدمہ قتل کا فیصلہ سناتے ہوئے شہری کو قتل کرنے والے پٹرولنگ پولیس کے کانسٹیبل عثمان حمید کو عمر قید اور 5لاکھ روپے معاوضہ کی سزا کا حکم سنایا جبکہ اسکے تین ساتھیوں کو شک کا فائدہ دیکر بری کر دیا، عدم ادائیگی معاوضہ کی صورت میں مجرم کو مزید ایک سال قید سخت بھگتنا ہو گی۔ استغاثہ کے مطابق 24جنوری 2021ء کو 475گ ب کا رہائشی وقاص گجر اپنے ساتھیوں کے ہمراہ کار پر گائوں جا رہا تھا کہ جب وہ 258رب چیمہ سٹاپ کے قریب پہنچے تو پٹرولنگ پولیس نے ناکہ لگا رکھا تھا، ان کو رُکنے کا اشارہ کیا تو گاڑی کا ٹائر کانسٹیبل عثمان حمید کے پائوں سے ٹکرایا جس پر وہ مشتعل ہو گیا اور وقاص گجر کو گولیاں اور دھمکیاں دینے لگا اور بندوقیں تان لیں تو گھبرا کر انہوں نے گاڑی بھگا دی جس پر انہوں نے تعاقب کرتے ہوئے ان پر فائرنگ کر دی، گولیاں لگنے سے وقاص گجر بری طرح زخمی ہو گیا تو پٹرولنگ پولیس کے اہلکار اسکو تشدد کا نشانہ بناتے رہے کہ جس پر وقاص گجر زندگی کی بازی ہار گیا، جس پر ڈجکوٹ پولیس نے چالان مکمل کر کے عدالت بھجوایا تو فاضل جج نے جرم ثابت ہونے پر عمر قید ومعاوضہ کی سزا کا حکم سنا دیا جبکہ اس کے دیگر ساتھیوں اے ایس آئی شاہد منظور’ ڈرائیور محسن سفیان اور کانسٹیبل غلام دستگیر کو شک کا فائدہ دیکر بری کر دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں