قیمتیں کم ہونے کے باوجودLPGکی مہنگے داموں فروخت

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) حکومت کی جانب سے ایل پی جی کی قیمت میں 68 روپے فی کلو کمی کے باوجود ثمرات عوام کو نہ پہنچ سکے، ڈیلر اور شہر بھر میں جگہ جگہ گیس ری فلنگ کرنے والے منہ مانگے دام وصول کر رہے ہیں۔ تفصیل کے مطابق حکومت پاکستان نے پٹرولیم مصنوعات میں کمی کے بعد ایل پی جی کی قیمتوں میں 67 روپے 33 پیسے فی کلو کمی کرتے ہوئے نئی سرکاری قیمت 241 روپے 43 پیسے فی کلو کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ تاہم حکومت کی طرف سے مقرر کردہ نئی قیمت پر فیصل آباد میں کسی بھی جگہ ایل پی جی میسر نہیں ہے۔ شہر بھر میں ڈیلر حضرات اور جگہ جگہ ایل پی جی گیس کی غیر قانونی ری فلنگ کا کاروبار کرنے والے منہ مانگے دام وصول کر رہے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ’ پیرافورس’ محکمہ سول ڈیفنس اور دیگر سرکاری اداروں نے چپ سادھ رکھی ہے۔ شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ محکمہ سول ڈیفنس کا عملہ مبینہ طور پر گیس کے غیر قانونی ری فلنگ کرنے والوں سے نذرانے وصول کر کے ان کو کھلی چھٹی دے رکھی ہے جبکہ نئی بنائی جانے والی پیرافورس کو مہنگائی کنٹرول کرنے کیلئے کارروائی کی اجازت دے رکھی ہے تاہم وہ بھی صرف معمولی ریڑھی چھابڑی والوں کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں جبکہ مصنوعی مہنگائی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرنے سے گریزاں نظر آتے ہیں۔ شہری حلقوں نے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت کی طرف سے ایل پی جی کی قیمت کم ہونے سے اس کے ثمرات عوام تک پہنچانے کیلئے اقدامات کئے جائیں اور مہنگے داموں ایل پی جی فروخت کرنے والوں کیخلاف فوری کارروائی کی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں