لائٹ برانچMCFکی مجرمانہ غفلت،آدھے سے زائد شہر میں گھپ اندھیرا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) لائٹ برانچ میونسپل کارپوریشن کی ناقص ترین کارکردگی’ آدھے سے زیادہ شہر اندھیرے میں ڈوب گیا’ محرم الحرام کی مجالس اور جلسوں میں بھی گھپ اندھیرا’ عزاداروں کو شدید پریشانی کا سامنا۔ تفصیلات کے مطابق میونسپل کارپوریشن فیصل آباد کی لائٹ برانچ کا 2017ء سے 2024ء تک 7 سال میں جتنا بجٹ تھا صرف رواں مالی سال 2025-26ء میں اتنا بجٹ دیا گیا مگر اس کے باوجود کارکردگی میں کوئی بہتری نہیں آئی’ مین شاہراہوں پر نصب زیادہ تر سٹریٹ لائٹس خراب یا مکمل طور پر ناکارہ ہو چکی ہیں، کئی علاقوں میں لائٹس نصب ہی نہیں کی گئی ہیں جس کی وجہ سے شام ہوتے ہی اندھیرا چھا جاتا ہے ، شہریوں کو آمدورفت میں شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ رات کو چوری اور ڈکیتی کی وارداتیں بھی بڑھ گئیں، وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے حکم کے باوجود محرم الحرام کی مجالس اور جلسوں کیلئے بھی لائٹس کے مناسب انتظامات نہیں کئے گئے ہیں۔ جس کے باعث عزادار شدید پریشانی سے دوچار ہیں، لائٹ برانچ کا عملہ کام کی بجائے صرف مال پانی بنانے تک محدود ہے۔ گاڑیاں’ عملہ، آلات اور بجٹ میں اضافہ کے باوجود لائٹ برانچ کی کارکردگی صفر ہے۔ لائٹ برانچ کے افسران کی ناقص حکمت کے باعث ”روشن فیصل آباد” جیسے پروگرام بھی بری طرح فلاپ ہو چکے ہیں۔ لائٹ برانچ کے عملہ کی بے حسی کی انتہا یہ ہے کہ شہریوں کی شکایات کے باجود بھی ٹس سے مس نہیں ہوتا۔ شہری حلقوں نے ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن فیصل آباد مسرت جبیں اور سی ای او میونسپل کارپوریشن فیصل آباد سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری نوٹس لیکر لائٹ برانچ کے نااہل’ نکمے اور کام چور عملے کا قبلہ درست کریں اورشہر بھر کی سٹریٹ لائٹس چالو کروائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں