لائیو سٹاک کا عملہ جڑانوالہ میں مویشی منڈیوں میں متحرک

جڑانوالہ(نامہ نگار) عید الاضحی کی آمد کے پیش نظر قربانی کے جانوروں کی صحت و سلامتی کیلئے محکمہ لائیو سٹاک کی جانب سے مویشی منڈیو ں میں ڈویژنل اور ضلعی تشخیصی لیبارٹریوں کی جانب سے متعدی امراض کی تشخیص بارے سروے سرگرمیوں کا سلسلہ جاری تفصیلات کے مطابق قربانی کے عظیم فریضے عید الاضحی کی آمد کے پیش نظر محکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ پنجاب بھر کی طرح ڈویژن جڑانوالہ و فیصل آباد میں بھی مویشی منڈیوں،اینیمل سیل پوائنٹس داخلی و خارجی چیک پوسٹوں پر اپنے فیلڈ سٹاف کو متحرک کر دیا ہے تاکہ صحت مند جانوروں کی دستیابی کو یقینی بنایا جا سکے اور عوام کو متعدی و خطرناک بیماریوں سے محفوظ رکھا جا سکے۔اسی سلسلے کی ایک کڑی کے طور پر ڈویژنل ڈیزیز ڈائیگنوسٹک لیبارٹری فیصل آباد اور ضلعی ڈیزیز ڈائگنوسٹک لیبارٹریوں کی ٹیموں کی جانب سے ڈویژن بھر کی مختلف مویشی منڈیوں کے دورے جا رہی ہیں۔ان دوروں کا مقصد لمپی اسکن ڈیزیز(LSD)،منہ کھر (FMD)،دیگر قابلِ اطلاع امراض اور چیچڑ کی افزائش کے حوالے سے سروے کرنا ہے۔ان سروے کے دوران مویشی مالکان و کسانوں سے معلومات لی گئیں اور خوش آئند طور پر اب تک کسی بھی جانور میں LSD یا FMD کی کوئی علامت یا کیس رپورٹ نہیں ہوا۔ یہ محکمہ کی مسلسل مانیٹرنگ، بروقت ویکسی نیشن اور موثر آگاہی مہمات کا نتیجہ ہے۔دورے کے دوران کسانوں اور مالکان کو کانگو وائرس جیسے خطرناک وائرس سے بچا کے حوالے سے خصوصی آگاہی دی گئی، اور جانوروں کو ذبح کرتے وقت ان کی کھالوں کی مناسب دیکھ بھال اور حفاظت بارے آگاہی اور معلوماتی بروشرز بھی تقسیم کیے گئے تاکہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کر سکیں۔مزید برآں ڈائریکٹر لائیو سٹاک فیصل آباد ڈویژن ڈاکٹر سید ندیم بدر نے مختلف مویشی منڈیوں اور چیک پوسٹوں کا دورہ بھی کیا اور وہاں ویٹرنری عملے کی حاضری اور ادویات کی دستیابی بارے چیک کیا اور عملے کو خدمات کی فراہمی کو جاری رکھنے بارے تاکید کی۔ اس حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ سیکرٹری لائیو سٹاک حکومت پنجاب ثاقب علی عطیل کی ہدایات کے مطابق ڈویژن بھر میں لگائی جانے والی مویشی منڈیوں،سیل پوائنٹس اور چیک پوسٹوں پر ویٹرنری سٹاف چوبیس گھنٹے خدمات سرانجام دے رہا ہے،جہاں جانوروں کی صحت کی جانچ، ویکسی نیشن،مفت علاج اور مویشی مالکان کو رہنمائی فراہم کی جا رہی ہے عوام الناس سے گزارش ہے کہ قربانی کے جانور خریدتے وقت محکمہ لائیو سٹاک کے قائم کردہ ویٹرنری کیمپس سے تصدیق ضرور کروائیں،اور کسی بھی مشکوک بیماری کی صورت میں قریبی ویٹرنری کیمپ یا ہیلپ لائن 080009211پر فوری اطلاع دیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں