لاہور شورکوٹ براستہ جڑانوالہ راوی ایکسپریس بند

جڑانوالہ(نامہ نگار) لاہور شور کوٹ براستہ جڑانوالہ بچیانہ سیکشن پر چلنے والی اکلوتی ٹرین راوی ایکسپریس121اپ اور122ڈائون کو بند کر دیا گیا۔ٹرین کی اچانک بندش کے خلاف عوامی حلقوں اور مسافروں میں شدید غم و غصہ پھیل گیا ہے۔ٹرین کی بندش کے خلاف ریلوے اسٹیشنوں پر مسافروں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے سے ٹرین کی فوری بحالی کا مطالبہ کر دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق لاہور شور کوٹ براستہ جڑانوالہ بچیانہ سیکشن پر چلنے والی یہ اکلوتی ٹرین راوی ایکسپریس121 اپ اور 122 ڈائون نہ صرف عوام کیلئے سستی سواری کا ذریعہ تھی بلکہ محکمہ ریلوے کیلئے بھی انتہائی منافع بخش ثابت ہو رہی تھی۔ذرائع کے مطابق صرف بچیانہ اسٹیشن سے ماہانہ 5 لاکھ روپے تک کی ٹکٹس فروخت ہو رہی تھیں،جبکہ اس سیکشن پر واقع دیگر درجنوں اسٹیشنز سے بھی ریلوے کو خطیر آمدن حاصل ہو رہی تھی۔مسافروں کا کہنا ہے کہ ٹرین پر رش میں مسلسل اضافہ ہو رہا تھا اور ریلوے کو اس روٹ سے بھاری منافع مل رہا تھا، اس کے باوجود ٹرین کو بند کرنا عوامی دشمنی اور مسافروں کے ساتھ سراسر ظلم ہے۔ اہلیانِ علاقہ اور مسافروں نے حکامِ بالا سے مطالبہ کیا ہے کہ منافع بخش روٹ پر چلنے والی اس اکلوتی ٹرین کو فی الفور بحال کیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں