فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)منصورآباد پولیس کا مانانوالہ میں پتنگ فروشوں نے پولیس پارٹی پردھاوا بول دیا،ہاتھا پائی اورگالم گلوچ کے دوران دوکانسٹیبلوں کی وردی پھاڑ دی پولیس نے کارسرکار میں مداخلت سمیت پولیس پارٹی پرحملہ کرنے والے 3ملزمان کو حراست میں لیکربازپرس شروع کردی جبکہ ان کے دیگرساتھی فرار ہوگئے ۔تفصیل کے مطابق اے ایس آئی اعظم نے پولیس رپورٹ میں بتایا کہ وہ اپنے ماتحت عملہ کے ہمراہ پتنگ بازوں اورپتنگ فروشوں کے خلاف کریک ڈائون کرتے ہوئے203ر۔ب مانانوالہ میں چھاپہ مار کر کیمیکل ڈور اورپتنگیں فروخت کرنے والے تین افراد عمار،عثمان اور عبدالوحید کوپکڑا توان کے ساتھیوں نے پولیس پارٹی پرحملہ کرکے ساتھیوں کوچھڑوانے کی کوشش کی ہاتھاپائی اورگالم گلوچ کے دوران کانسٹیبلان وقاص اورصائم کی یونیفارم پھٹ گئی تاہم جوابی کارروائی کے دوران پکڑے جانیوالے ملزمان کے ساتھی موقع سے فرار ہوگئے پولیس نے کارروائی عمل میں لاتے ہوئے مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔
