ماموں کانجن (نامہ نگار) پولیس مقابلہ، سنگین مقدمات میں مطلوب ملزم ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک۔ ماموں کانجن تھانہ گڑھ کے علاقے میں پولیس اور جرائم پیشہ افراد کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک خطرناک ملزم ہلاک ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او تھانہ گڑھ کی سربراہی میں پولیس ٹیم اشتہاریوں کی گرفتاری کے لیے روانہ تھی کہ مویشی منڈی چوک کے قریب دو موٹر سائیکلوں پر سوار 5مسلح افراد نے پولیس کو دیکھتے ہی اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ تعاقب کے دوران ملزمان قریبی مکئی کے کھیتوں میں چھپ گئے اور فائرنگ جاری رکھی۔فائرنگ رکنے پر تلاشی کے دوران ایک ملزم زخمی حالت میں ملا، جس کی شناخت محمد اسلم ولد محمد حسین (سکنہ اوکاڑہ) کے نام سے ہوئی۔ ملزم نے دم توڑنے سے پہلے بتایا کہ وہ اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہوا ہے۔ اسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والا ملزم ریکارڈ یافتہ تھا اور اس کے خلاف مختلف تھانوں میں سنگین نوعیت کے 40 سے زائد مقدمات درج تھے۔ فرار ہونے والے دیگر 4 ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس کی ٹیمیں چھاپے مار رہی ہیں۔




