محرم الحرام میں قیام امن کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں،ڈپٹی کمشنر،ڈی پی او چنیوٹ

چنیوٹ(نامہ نگار)محبت،یگانگت اور برداشت عشرہ محرم میں امن کے گہوارہ کا ضامن ہے۔محرم الحرام کے حوالے سے ضلعی امن کمیٹی چنیوٹ کا اجلاس منعقد ہوا۔ڈپٹی کمشنر صفی اللہ گوندل اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عبداللہ احمد نے اجلاس کی صدارت کی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل واثق عباس،اسسٹنٹ کمشنر اشفاق رسول موجود تھے۔ اجلاس میں امن کمیٹی کے ارکان نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے ضلع میں امن کے قیام کے سلسلے میں امن کمیٹی کے علما کرام کے گرانقدر تعاون کو سراہااورعشرہ محرم کے دوران بھی اتحاد کی فضا کے قیام پر زوردیا۔انہوں نے کہا کہ علما کرام اپنے درس وخطبات میں رواداری،تحمل اور برداشت کا سبق دیں تاکہ معاشرے میں امن وامان یقینی بناکر فرقہ واریت سے محفوظ ضلع کی تشکیل یقینی ہو۔انہوں نے کہا کہ شرپسند عناصر پر گہری نظر رکھیں،منتظمین رضاکاروں کو متحرک رکھیں۔سوشل میڈیا کے پیجز کو Only Admin can send message پر کردیں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی وپولیس انتظامیہ نے عشرہ محرم کے حوالے سے تمام تر انتظامی وحفاظتی تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔علما کرام سے روابط کا سلسلہ قائم اور معمولی سے معمولی مسئلہ کو پیشگی بنیادوں پر حل کیاجارہاہے۔انہوں نے کہا کہ ایک دوسرے کے جذبات کا خیال رکھیں۔جلوسوں ومجالس میں وقت کی پابندی اور ضابطہ اخلاق پر ذمہ داری سے عمل کیا جائے۔اجلاس میں موجود ارکان نے امن کے قیام کے لئے اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔امن وسلامتی اور مذہبی ہم آہنگی واتحاد واتفاق کی دعا سے اجلاس کا اختتام ہوا۔ بعد ازاں اسی ضمن میں انتظامی وحفاظتی اقدامات کی جانچ پڑتال کے لئے ڈپٹی کمشنر صفی اللہ گوندل اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عبداللہ احمد نے محرم جلوسوں کے روٹس ومجالس کے مقامات کا دورہ کیا۔انہوں نے امام بارگاہ مہاجرین،امام بارگاہ ٹھٹی شرقی سمیت مختلف روٹس کا پیدل چل کر جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عشرہ محرم الحرام کے حوالے سے انتظامی وحفاظتی اقدامات میں معمولی سا بھی خلا باقی نہیں رہنا چاہیے۔انہوں نے جلوسوں کے روٹس پر صفائی کے مثالی انتظامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سیوریج سسٹم کی مکمل بحالی،سٹرکوں وگلیوں میں پیچ ورک کو فوری مکمل کیا جائے۔انہوں نے ڈی پی او کے ہمراہ تعزیہ وجلوسوں کے منتظمین سے ملاقات کی اورضلعی وپولیس انتظامیہ کے انتظامات سے آگاہ کیا۔انہوں نے امام بارگاہوں میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب ومانیٹرنگ کے انتظامات چیک کئے اور امن کے قیام کے لئے مشترکہ اقدامات کے عزم کا اعادہ کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں