محرم الحرام پر فل پروف سیکورٹی اقدامات یقینی بنائے جائینگے

سرگودہا (بیورو چیف) ڈپٹی کمشنر سرگودہا کیپٹن (ر) محمد وسیم نے کہا ہے کہ ملک میں پائیدار امن کے قیام، فرقہ واریت کے خاتمے اور اتحادِ امت کے فروغ میں علماء کرام کا کردار ہمیشہ مثالی رہا ہے۔ علماء کرام معاشرے کے اصل رہنما ہیں جو منبر و محراب سے ہمیشہ محبت، برداشت اور رواداری کا درس دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عیدالاضحی پر مثالی صفائی اور انتظامی اقدامات پر علمائ کرام نے جس طرح حکومت کا ساتھ دیا اور رائے عامہ کو ہموار کیاوہ قابلِ تحسین ہے۔ اس امر کا اظہار انہوں نے ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایس پی انویسٹی گیشن جاوید اختر جتوئی اور اے ڈی سی جی محمد ابوبکر کے علاؤہ ممبران امن کمیٹی نے شرکت کی۔ اجلاس میں ایس پی انوسٹی گیشن جاوید اختر جتوئی نے واضح کیا کہ امسال بھی محرم الحرام کے موقع پر فول پروف سیکیورٹی اقدامات کیے جائیں گے۔ تمام جلوسوں اور مجالس کے روٹس پر پولیس کی بھرپور موجودگی یقینی بنائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ لائسنس یافتہ جلوس و مجالس کے منتظمین وقت کی پابندی کو یقینی بنائیں اور اگر کہیں کوئی تنازع یا مسئلہ ہو تو اسے افہام و تفہیم اور باہمی مشاورت سے حل کیا جائے۔ انہوں نے علمائے کرام، منتظمین اور سوسائٹی کے باشعور طبقات سے اپیل کی کہ وہ انتظامیہ کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھیں تاکہ فضا کو پرامن اور بھائی چارے سے بھرپور رکھا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں