محرم الحرام کے پرامن انعقاد کیلئے ڈپٹی کمشنر سرگودھا اور پولیس افسران کی عزاداری منتظمین سے اہم میٹنگ

سرگودہا (بیورو چیف)محرم الحرام کے پْرامن انعقاد کے لیے ڈپٹی کمشنر و پولیس افسران کی عزاداری منتظمین سے اہم میٹنگ , وقت کی پابندی اور ضابطہ اخلاق پر زور۔ ڈپٹی کمشنر سرگودہا کیپٹن (ر) محمد وسیم اور ایس پی انویسٹی گیشن جاوید اختر جتوئی نے محرم الحرام کے اعزادری جلوسوں اور مجالس کے لائسنس ہولڈرز اور منتظمین کے ساتھ ایک اہم اجلاس منعقد کیا، جس میں عزاداری کے پْرامن اور منظم انعقاد کے لیے مختلف انتظامی، سیکیورٹی اور سماجی پہلوئوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے تمام منتظمین پر زور دیا کہ وہ وقت کی پابندی کو ہر صورت یقینی بنائیں تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سابقہ لائسنس یافتہ مجالس اور جلوسوں کے علاؤہ کسی نئی مجلس یا جلوس کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سبیلوں کے قیام کے لیے باقاعدہ میکنزم وضع کیا جائے، تاکہ ان کے مقامات، اوقات اور سہولیات کو بہتر طریقے سے منظم کیا جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ایسے لائسنس ہولڈرز جو وفات پا چکے ہیں، ان کے قریبی خون کے رشتہ دار (بلڈ ریلیشن) ایک حلف نامہ جمع کروائیں، جس میں وہ اس بات کے ذمہ دار ہوں کہ اگر کسی قسم کی کوئی اونچ نیچ پیش آئی تو وہ اس کے ذمہ دار ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ سال سے قبل تمام خاندانوں کو چاہیے کہ وہ متفقہ طور پر ایک نمائندہ نامزد کریں تاکہ لائسنس ان کے نام پر باقاعدہ منتقل کیا جا سکے۔ایس پی انویسٹی گیشن جاوید اختر جتوئی نے کہا کہ جلوسوں اور مجالس کے دوران فول پروف سیکیورٹی اقدامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ پولیس، ٹریفک اور دیگر متعلقہ ادارے بھرپور رابطے اور تعاون سے کام کریں گے۔اجلاس میں اے ڈی سی جی رانا محمد ابوبکر اور عزاداری جلوسوں و مجالس کے منتظمین نے شرکت کی اور انتظامیہ سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں