محسن نقوی کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات

لاہور (بیوروچیف) وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی نے آج لاہور میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی۔ ملاقات میں امن و امان اور سیکیورٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزیراعظم کو عید الاضحی کی چھٹیوں کے دوران ملک بھر میں شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور عوامی مقامات کی سیکیورٹی کے لیے کیے گئے خصوصی انتظامات سے آگاہ کیا۔وزیر داخلہ نے گلگت بلتستان میں آئندہ انتخابات کے پرامن، شفاف اور منظم انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے سیکیورٹی اداروں کی جانب سے کیے گئے انتظامات اور تیاریوں سے بھی وزیراعظم کو آگاہ کیا۔ محسن نقوی نے بتایا کہ گلگت بلتستان میں اسمبلی کے انتخابات کے دوران امن و امان برقرار رکھنے اور ووٹرز کو اپنی رائے کے اظہار کے لئے محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے جامع سیکیورٹی پلان مرتب کیا گیا ہے۔وزیراعظم نے ملک میں امن و استحکام کے قیام اور عوام کے تحفظ کے لیے وزارت داخلہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سیکیورٹی فورسز کی کاوشوں کو سراہا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے گلگت بلتستان کے انتخابات کے حوالے سے مثر سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانے پر وزیر داخلہ اور ان کی ٹیم کی کوششوں کی بھی تعریف کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت جمہوری عمل کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں