محمد حافظ میراتھن ریس کے فاتح قرار،ایک لاکھ روپے انعام حاصل کرلیا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق ضلعی انتظا میہ کے زیراہتمام میراتھن اور سائیکل ریس کا انعقاد کیا گیا۔بوہڑانوالی گرانڈ سے کشمیر پل کینال روڈ تک8کلومیٹر تک سائیکل اور میرا تھن ریس منعقد ہوئی جس میں شہریوں کا جوش وجذبہ عروج پرنظر آیا۔عام سائیکلنگ اور سپورٹس سائیکل ریس میں 350سے زائد سائیکلسٹ جبکہ میراتھن میں 1200 سے زائد افراد نے حصہ لیا۔بوہڑانوالی گرانڈ میں دن چڑھتے ہی شائقین رجسٹریشن کرانے کیلئے جمع ہو گئے ۔ کمشنر راجہ جہانگیر انور نے قومی پرچم لہراکر سائیکل ریس اور بعدازاں میراتھن کا آغاز کیا۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصراور دیگر افسران بھی موجودتھے۔ریس کے روٹ پر محکمہ سیاحت کی ڈبل ڈیکر بس سمیت اداروں کی سروسز ہمراہ تھیں۔میراتھن ریس محمد حافظ نے جیت کر ایک لاکھ روپے کا انعام حاصل کیا۔صائم مسیح نے دوسری اور نوشیرواں نے تیسری پوزیشن حاصل کیں اور بالترتیب 75 ہزار اور 50 ہزار روپے کا انعام جیتا۔عام سائیکل ریس میں نثار علی اورسپورٹس سائیکل میں معظم فرسٹ رہے اور 50/50 ہزار روپے کا انعام حاصل کیا۔دونوں کیٹگریز کے دیگر پوزیشن ہولڈرز میں بھی انعامات تقسیم کئے گئے۔کمشنر نے تمام شریک کھلاڑیوں کو مبارکباد دی اور کہا کہ آج کھیل کی جیت ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے ذریعے سپورٹس مین سپرٹ/ڈسپلن کو پروان چڑھانا ہے۔آئندہ بھی کھیلوں کے مزید مقابلے کرانے کے عزم کا اظہارکیا۔انہوں نے کہا کہ میراتھن اور سائیکل ریس میں اتحاد،برداشت اور بھائی چارہ کی بھی فتح ہوئی۔ڈپٹی کمشنر اور ان کی پوری ٹیم کو کامیاب ایونٹ پر مبارکباد دی۔کمشنر نے کہا کہ سالانہ سپورٹس کیلنڈر جاری اور سکولوں میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو بحال کیا جارہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں