جڑانوالہ (نامہ نگار) فیسکو کی مبینہ مجرمانہ غفلت کے باعث کھمبے کیساتھ لگی زمین پر گری بجلی کی ہیوی تاروں سے پائوں لگنے سے مدرسے جانیوالا 6سالہ بچہ جاں بحق ہو گیا، علاقہ کی فضا سوگوار ہو گئی ورثاء و اہل علاقہ کا ارباب اختیار سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق کھرڑیانوالہ کے علاقہ علی ٹائون کا رہائشی 6سالہ بچہ مالک گھر سے مدرسے میں قرآن پاک کی تعلیم لینے جاتا تھا گزشتہ شب علی ٹائون میں کھمبے کیساتھ لگے بے ہنگم بجلی کے میٹرز کی ہیوی تاریں زمین پر گری ہوئی تھی اور مبینہ طور پر بجلی کی ہیوی تاریں جگہ جگہ سے ٹوٹنے کے باعث ننگی پڑی ہوئی تھی اسی دوران وہاں سے گزرتے ہوئے 6سالہ بچے کا پائوں بجلی کی ہیوی تاروں سے چھو گیا اور طبی امداد ملنے سے قبل ہی دم توڑ گیا’ 6سالہ بچے کی ہلاکت پر علاقے کی فضا سوگوار ہو گئی۔ اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ زمین پر گری بجلی کی ہیوی ٹوٹی ہوئی تاروں بارے متعدد بار فیسکو حکام کو آگاہ کیا گیا مگر انہوں نے نوٹس نہیں لیا۔ جاں بحق ہونیوالے بچے کے ورثاء اور اہل علاقہ نے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ فیسکو حکام کی مبینہ مجرمانہ غفلت و کوتاہی کا نوٹس لیکر سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے۔دریں ثناء ،۔بھوآنہ (نامہ نگار) کرنٹ لگنے سے محنت کش باپ بیٹا لقمہ اجل بن گئے۔ تفصیلات کے مطابق بھوآنہ جھنگ روڈ پر سیم پُل کے قریب 65سالہ اﷲ رکھا اپنے بیٹے 24سالہ حسن علی کے ہمراہ مسجد کی چھت پر کام کر رہے تھے کہ لوہے کا راڈ ہائی وولٹیج بجلی کی تاروں سے ٹکرا گیا، جس کے باعث دونوں موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، ریسکیو1122 نے موقع پر پہنچ کر دونوں کی موت کی تصدیق کر دی اور ضروری کارروائی کے بعد نعشیں ورثاء کے حوالے کر دیں۔ نعشیں گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا، پورے علاقے کی فضاء سوگوار ہو گئی۔




