مریم نواز کا ایک اور وعدہ پورا ہوگیا،DHQہسپتال چنیوٹ کا 60بیڈز کا سرجیکل ٹاور فعال

چنیوٹ(نامہ نگار)وزیراعلی پنجا ب مریم نواز شریف کے ویژن صحت کی معیاری سہولیات عوام کی دہلیز تک کے تحت ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال میں سٹیٹ آف دی آرٹ 60بیڈز کاسرجیکل ٹاور فعال ہوگیا۔ایئر کنڈیشنڈ پرشکوہ عمارت میں اعلی معیار کا پینٹ ورک،بہترین صفائی،واش رومز کی سہولیات دستیاب ہیں۔ سرجیکل ٹاور کی تکمیل سے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال میں بیڈز کی تعداد 200 ہوگئی۔سرجیکل ٹاور میں گرانڈ فلور پر اوپی ڈی سروسز فراہم کی جائیں گی۔سروسز میں سرجیکل اوپی ڈی،فلٹر کلینک ، گائنی او پی ڈی،آرتھوپیڈک اوپی ڈی،کارڈیالوجی اوپی ڈی،ویل وومن کلینک،میڈیسن اوپی ڈی، ایکو/ای سی جی جبکہ فرسٹ فلور پر دو گائنی وارڈز،لیبر روم اور گائنی آپریشن تھیٹر قائم کیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر صفی اللہ گوندل نے ارکان صوبائی اسمبلی سید ذوالفقار علی شاہ اور مولانا محمد الیاس چنیوٹی کے ہمراہ سرجیکل ٹاور کا افتتاح کیا۔سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ثاقب منیر،میڈیکل سپرنٹنڈنٹ اور دیگر افسران موجودتھے۔ڈپٹی کمشنر اور ارکان اسمبلی نے سرجیکل ٹاور کے مختلف شعبے دیکھے اور کہا کہ 60 بیڈز کے اضافہ سے مریضوں کو علاج معالجہ کی مزید معیاری طبی سہولیات ملیں گی۔انہوں نے کہا کہ ڈی ایچ کیو ہسپتال پر مریضوں کے بوجھ میں نہ صرف کمی آئے گی بلکہ معیاری علاج ممکن ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ جھمرہ روڑ پر125 بیڈز پر مشتمل نیا ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال بھی تکمیل کے مراحل میں ہے۔اہلیان چنیوٹ نے 60 بیڈز کے اضافہ کو تحفہ قرار دیا اور کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے ایک اور وعدہ مکمل کردیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں