لاہور(بیوروچیف) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پھر سے نوجوان طلبہ کیلئے آسان ترین اقساط پر ای بائیکس متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ ڈیپارٹمنٹ کا اجلاس ہوا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب نے الیکٹرک بسوں کی مینوفیکچرنگ انڈسٹری کے قیام کا سنگ میل بھی عبور کر لیا، اسمبلنگ پلانٹ پنجاب میں الیکٹرک بسوں کی اسمبلنگ شروع کر چکا، پنجاب اب صرف بسیں نہیں چلا رہا بسیں بنا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ نے پھر سے نوجوان طلبہ کے لئے آسان ترین اقساط پر ای بائیکس متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے، طلبہ کو ایک سال میں ایک لاکھ ای بائیکس دی جائیں گی، پنجاب حکومت ہر ای بائیک پر 70ہزار روپے کی سبسڈی دے گی، نوجوان طلباء کو ای بائیک کے حصول کیلئے 14ہزار ڈائون پیمنٹ کرنی ہوگی۔طالبات کی ای بائیکس کی ڈائون پیمنٹ اور رجسٹریشن فیس وزیراعلیٰ مریم نواز شریف خود کریں گی، طلبہ کو ای بائیکس کے حصول کیلئے صرف 2100روپے ماہانہ سود فری آسان قسط ادا کرنا ہوگی، پنجاب کے سرکاری ملازمین بھی آسان اقساط پر ای بائیکس حاصل کر سکیں گے۔ گوجرانوالہ، گجرات، راولپنڈی، ملتان، ساہیوال، بہاولپور، ڈی جی خان، فیصل آباد، سرگودھا ڈویژنز کی 91تحصیلوں میں 1500بسیں چلائی جائیں گی۔پہلے فیز میں پنجاب کی 91تحصیلوں میں 1500بسیں چلائی جائیں گی، تحصیل لیول پر 1500الیکٹرک بسیں کی خریداری کے لئے پی سی ون منظور کر لیا گیا، مختلف اضلاع میں نئی 189الیکٹرک بسیں سافٹ لانچنگ کیلئے تیار ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے آن لائن افتتاح کا عندیہ دے دیا، کوٹ ادو، تلہ گنگ، تونسہ شریف میں الیکٹرک بس لانچ کو بھی فوری بھیجنے کا حکم دیا گیا ہے، وہاڑی، لودھراں میں بھی بس چلانے کا حکم دے دیا گیا، جبکہ وہاڑی، لودھراں اور ننکانہ میں الیکٹرک بسز کی تعداد بڑھانے کا حکم دیا گیا ہے۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ جہاں جہاں 15بسوں سے کم ہیں وہاں بھیجی جائیں، کم از کم 15-15بسیں ہونی چاہئیں، پنجاب میں الیکٹرک بسیں اور مینوفیکچرنگ انڈسٹری بھی لائے ہیں۔




