مریم نواز کا خواتین کو معاشی طور پر خود مختار بنانے کیلئے بڑا اقدام

لاہور(بیوروچیف) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے کی خواتین کو بااختیار بنانے اور انہیں معاشی طور پر خودمختار بنانے کے لیے ”سحر پروگرام” کا آغاز کر دیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت صوبہ بھر میں 5,365خواتین کو گھر بیٹھے جدید ووکیشنل اور فنی تربیت فراہم کی جائے گی۔ حکام کے مطابق ہنرمند لیبر فورس کی تیاری کے لیے شروع کیے گئے اس پروگرام پر 97کروڑ روپے سے زائد لاگت آئے گی۔ پروگرام کا مقصد خواتین کو روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنا اور انہیں جدید مہارتوں سے آراستہ کرنا ہے تاکہ وہ ملکی معیشت میں موثر کردار ادا کر سکیں۔ سحر پروگرام کے تحت خواتین کو بیوٹیفکیشن سروسز، ہاسپٹیلٹی اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں تربیت دی جائے گی۔ اس سلسلے میں چار اضلاع میں 2,065خواتین کے لیے نجی شعبے کے تعاون سے بیوٹیفکیشن کورسز کا بھی اہتمام کیا جا رہا ہے۔پروگرام کی نمایاں خصوصیت یہ ہے کہ تربیت حاصل کرنے والی خواتین کو سیکھنے کے عمل میں سہولت فراہم کرنے کے لیے لیپ ٹاپ، انٹرنیٹ ڈیوائس، ڈیٹا پیکج اور ماہانہ وظیفہ بھی دیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سحر پروگرام میں شامل خواتین اور تربیت مکمل کرنے والی شرکا کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی خواتین صوبے کا قیمتی سرمایہ ہیں اور حکومت انہیں قابل قدر اثاثہ بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ سحر پروگرام کے اجراء کا بنیادی مقصد خواتین کو ترقی، خودمختاری اور باعزت روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر معاشرے کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کر سکیں۔ مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب خواتین کی فنی و پیشہ ورانہ تربیت کے ذریعے انہیں جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے اور معاشی استحکام فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں