مریم نواز کا لیور اور کڈنی کے مفت ٹرانسپلانٹ کا اعلان

جھنگ(نامہ نگار) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب گورننس، ٹیکنالو جی اور صحت کے شعبہ جات میں نیا ٹرینڈ سیٹ کر رہا ہے۔ آج پنجاب کے 16اضلاع کے ڈی ایچ کیو ہسپتالوں میں دل کے مریضوں کے علاج کے لئے کیتھ لیبس کا قیام اس کو عملی ثبوت ہے۔ آج ان کا پسماندہ علاقوں میں دل کے مریضوں کے علاج کا خواب پورا ہو گیا ہے اور یہ کیتھ لیبس سالوں میں نہیں بلکہ ہفتوں اور دنوں میں مکمل ہوئی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ڈی ایچ کیو ہسپتال جھنگ میں کیتھ لیب کا افتتاح کرنے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے وزیر صحت خواجہ عمران نذیر، سیکرٹری صحت نادیہ ثاقب، کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر اور ڈپٹی کمشنر جھنگ علی اکبر بھنڈر کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ اتنے کم عرصہ میں کیتھ لیب کا قیام ان کی خصوصی کاوش محنت اور سپورٹ کے بغیر ممکن نہ تھا۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ بہت جلد جھنگ سمیت پنجاب کے ڈی ایچ کیو ہسپتالوں میں کارڈیک سرجری کا پروگرام بھی شروع کیا جا رہا ہے تاکہ دل کے مرض میں مبتلا کسی بھی مریض کو ابتدائی تشخیص سے بائی پاس آپریشن کے لئے جھنگ سے باہر نہ جانا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو سالوں کے دوران پنجاب میں صحت کے شعبہ میں ریکارڈ کام ہوا ہے۔آن ویل فیلڈ ہسپتالوں سے اب تک دو کروڑ افراد مستفید ہو چکے ہیں۔ پنجاب حکومت سالانہ ایک سو ارب روپے کی ادویات مریضوں کو مفت فراہم کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ لاہور میں پاکستان کا پہلا سرکاری نواز شریف کینسر ہسپتال تکمیل کے آخری مراحل میں ہے جہاں نہ صرف پنجاب بلکہ پورے ملک سے کینسر کے مریض مستفید ہوں گے۔ دل ، کینسر، ٹی بی ، ہیپاٹائٹس سمیت دیگر بیماریوں میں مبتلا سات لاکھ افراد کو ساٹھ دن کی ادویات ان کے گھر پہنچا رہے ہیں۔ ایئر ایمبولینس سروس سے اب تک سینکڑوں انسانی جانیں بچائی جا چکی ہیں اور اب ہم ٹیلی میڈیسن شروع کر رہے ہیں۔آئندہ چند ماہ کے دوران پنجاب کے ہر گھر کا ہیلتھ پروفائل بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہر رات کو دیکھتی ہیں کہ پنجاب کے تمام سرکاری ہسپتالوں کو صاف اور ڈس انفکیٹڈ کیا جارہا ہوتا ہے ۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ وہ چائنہ سے جدید کینسر مشین لیکر آئی ہیں جس سے چند خاص اقسام کے کینسر کے مریضوں کو چند گھنٹوں میں کینسر فری کیا جا رہا ہے۔ لاہور میں ایک ہزار بیڈز پر مشتمل پیڈز کا کارڈیالوجی ہسپتال کے ساتھ ساتھ خون کے امراض، ہڈیوں کے امراض، جینیاتی امراض، بون میرو ٹرانسپلانٹ سمیت دیگر ایسی امراض کے ہسپتال بھی قائم کئے جا رہے ہیں جو آج سے پہلے ۔وجود نہ تھے۔ انہوں نے کہا کہ اب پنجاب میں لیور اور کڈنی کے ٹرانسپلانٹ بھی مفت ہوں گے جبکہ سٹروک کے مریضوں کو لگنے والا ساڑھے تین لاکھ روپے کا انجکشن تمام سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو مفت دستیاب ہو گا۔ جھنگ میں روزانہ ہزاروں افراد الیکٹرک بسوں سے مستفید ہو رہے ہیں۔ جھنگ میں واسا کے قیام سے سیوریج کے نظام میں بہتری آ رہی ہے اور ستھرا پنجاب آپ کی گلیاں محلے اور گاوں صاف کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چھ ماہ کے بعد جھنگ ایک جدید اور ترقی یافتہ شہر ہو گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں