مریم نواز کا پٹرولیم مصنوعات کی ذخیرہ اندوزی کرنیوالوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا حکم

لاہور (بیوروچیف) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پٹرولیم مصنوعات کی ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری کے خلاف صوبہ بھر میں گرینڈ آپریشن کی ہدایت جاری کر دی ہے۔وزیراعلیٰ نے پنجاب انکروچمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا ) کو ذخیرہ اندوزوں کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی اپنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کو کسی صورت استحصال کا نشانہ نہیں بننے دیا جائے گا۔انہوں نے فیلڈ افسران کو پٹرول پمپس کی سخت مانیٹرنگ کا حکم دیتے ہوئے مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں کے خلاف فوری کریک ڈائون کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلی کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قلت میں ملوث پٹرول پمپس کو فوری سیل کیا جائے گا اور ان کے لائسنس بھی منسوخ کر دیے جائیں گے۔حکومت پنجاب کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات سے متعلق قیاس آرائیوں اور افواہوں پر بھی سخت انتباہ جاری کیا گیا ہے۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قلت کا شوشہ چھوڑنے والوں کا انجام عبرتناک ہوگا۔انہوں نے واضح کیا کہ جنگ یا کسی بھی صورتحال کو بہانہ بنا کر عوام کی جیبوں پر ڈاکا ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں