مریم نواز کے امن و امان کے لئے اہم احکامات

لاہور (بیوروچیف) پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز نے جدید ترین ڈرون ڈیفنس خریدنے کیلئے فوری اقدامات کا حکم دے دیا۔ مریم نواز نے صوبے میں بائیکس سمیت تمام وہیلز پر ای ٹیگ لگانے کی بھی منظوریدے دی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق اجلاس میں سیکیورٹی سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔ مریم نواز نے جدید ترین ڈرون ڈیفنس خریدنے کیلئے فوری اقدامات کا حکم دیا اور ڈرون پر پابندی یقینی بنانے کے لئے اقدامات کی بھی ہدایت کی۔ اس کے علاوہ اجلاس میں بائیکس سمیت گاڑیوں پر ای ٹیگ لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔وزیراعلی مریم نواز نے 7روز میں مائیکرو سیکیورٹی کاپلان طلب کر لیا اور پنجاب سائبر کرائم انوسٹی گیشن یونٹ بنانے کی منظوری دی گئی۔ اس کے علاوہ مریم نواز نے سائبر کرائم انوسٹی گیشن یونٹ کا سربراہ مقرر کرنے کی منظوری دے دی، اضلاع میں ڈسٹرکٹ آن لائن کرائم سینٹر قائم ہوں گے، سائبر کرائم کا شکار خواتین اوربچیوں کیلئے خصوصی سیل قائم ہوگا۔ مریم نواز نے جرائم پیشہ افراد اور دہشت گردوں کی نشاندہی کیلئے کومبنگ آپریشن مسلسل جاری رکھنے کا حکم دیا اورہجوم سے نمٹنے کے لئے قائم آر ایم پی کی ٹریننگ اور جدید ترین سیکیورٹی آلات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے غیر روایتی صوبائی داخلی پوائنٹ سے آمدورفت پر پابندی یقینی بنانے کیلئے اقدامات کی ہدایت کی۔ اس موقع پرصوبائی داخلی راستوں پر سرچ لائٹ لگانے اور ڈرون سرویلنس کی بھی منظوری دی گئی۔ انہوں نے چیک پوسٹوں پر روف ٹاپ سیکیورٹی مانیٹرنگ یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے لاہور سمیت پنجاب میں صورتحال کو بروقت سنبھالنے پر صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق اور لاہور پولیس کو شاباش دی اور امن و امان کی بحالی کے لئے متحرک علما کرام کو بھی خراج تحسین پیش کیا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں