مسائل کے حل کیلئے بلدیاتی الیکشن کا انعقاد ضروری

فیصل آباد ( سٹاف رپورٹر) سینئر سیاستدان رانا زاہد توصیف نے کہا ہے کہ نچلی سطح پر عوامی مسائل احسن طریقہ سے حل کرنے کیلئے بلدیاتی الیکشن کے فوری انعقاد سمیت ہر ڈویژن کی سطح پر صوبہ کی تشکیل کا نظام ضروری ہے تاکہ عوام کو ان کے بنیادی حقوق مل سکیں اور ترقیا تی و تعمیراتی اخراجات بطریق احسن یکساں طور پر خرچ ہو سکیں انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے موجودہ وقت صحت، تعلیم اور دیگر بنیادی سہولتوں کا فقدان ہے ، جبکہ اہم پراجیکٹس کے معاملہ میں ماسوائے لاہور تمام اضلاع کو نظر انداز کئے جانے سے عوامی مسائل میں قدرے اضافہ ہو چکا ہے عوام کو پینے کا صاف پانی میسر نہیں، سڑکوں، پارکوں کی حالت زار ابتر اور بڑے شہروں میں انڈر پاسز کی تعمیر، ٹریفک کے بڑھتے مسائل ، سکولوں کی عمارتوں کی ناگفتہ بہ حالت ، اساتذہ کی کمی، صفائی کی غیر تسلی بخش صورت حال کے بعد ضرری ہے کہ ہر ڈویژن کو صوبہ بنانے کیلئے پالیسی بنائی جائے اس طریقہ کار سے منصفانہ طور پر ترقیاتی اور تعمیراتی سکیموں کی تکمیل ہو گی ہر ڈویژن کا سربراہ بطریق احسن نچلی سطح پر عوامی مسائل حل کر سکے گا نئے طریقہ کار سے تمام اضلاع میں خوشحالی اور شہروں کا حسن نکھر کر سامنے آئے گا صحت و تعلیم کے بنیادی مسائل حل ہوں گے ، ہر ڈویژن کو صوبہ بنانا ہی عوامی مسائل کا فوری حل ہے، بڑھتے عوامی مسائل سے تمام اضلاع ”لاوارث” ہو چکے ہیں اور عوام کا کوئی پرسان حال نہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں