مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کی قربانیاں ضرور رنگ لائیگی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ناظم اعلی مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان علامہ عبد الرشید حجازی اور خالد محمود اعظم آبادی نے کہا کہ بھارت کی طرف سے کشمیری مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کے لئے کشمیریوں پر بہیمانہ تشدد سے انکی نسل کشی کی گئی ۔ ہزاروں کشمیری جام شہادت نو ش کرگئے تھے ۔ بھارت بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ و سیکورٹی کونسل کی قراردادوں کے منافی اپنی مسلح افواج کے ذریعے کشمیریوں پر اپنے غیر قانونی تسلط اور ناجائز قبضے کو قائم رکھے ہوئے ہے ۔ مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان نہ صرف اسکی بھر پور مذمت کرتی ہے بلکہ اقوام متحدہ سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ فی الفور اپنی پاس کردہ قراردادوں پر عملدرآمد کرواتے ہوئے کشمیری عوام کو اپنی مرضی کے مطابق آزادانہ زندگی بسر کرنے کا حق خود ارادیت دلائے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت آٹھ دھائیوں سے کشمیر میں بنیادی انسانی حقوق ، حق خود ارادیت اور عالمی قوانین کو مسلسل پامال کر رہا ہے ۔ آج کا دن کشمیریوں کے غیر متزلزل عزم اور لازوال قربانیوں کا مظہر ہے ۔ مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کشمیری عوام کی گراں قدر قربانیوں پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اپنے مظلوم بھائیوں کے ساتھ بھر پور یکجہتی کا اظہار کرتی ہے ۔علامہ عبد الرشید حجازی نے کہا کہ کشمیری عوام کی قربانیاں ضرور رنگ لائے گی ۔ ڈوگرہ راج کے ظلم خلاف علم بغاوت بلند کر کے ایک آزاد ریاست کی بنیاد رکھی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست جموں و کشمیر تقسیمِ ہند کے وقت ایک مسلم اکثریتی ریاست تھی جو کہ ڈوگرہ حکومت کے ظلم و جبر اور نا انصافیوں کا شکار تھی اور اوپر سے ان کا بھارت کے ساتھ الحاق کر کے کشمیری عوام کی کمر میں چھرا گھونپ دیا گیا جس کی وجہ سے کشمیری عوام آج تک ظلم وبربریت کی چکی میں پستے چلے جا رہے ہیں مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان ہر فورم پر اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی تھی ، کھڑی ہے اور کھڑی رہے گی ۔ ان شااللہ تعالی

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں