2

ملت روڈ پر جاری ترقیاتی اسکیمیں 31جنوری تک مکمل کی جائیں،ایم ڈی واسا ثاقب رضا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) منیجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا نے ملت روڈ پر جاری ترقیاتی سکیمیں جنوری کے اختتام تک لازمی مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ واضح کیا ہے کہ ملت روڈ ڈرینز کی ڈی سلٹنگ اور بحالی اورگلستان ڈسپوزل اسٹیشن کا باقی تعمیراتی کام بھی جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ ایم ڈی واسا نے ڈپٹی مینجنگ ڈائریکٹر او اینڈ ایم عثمان ضیا کے ہمراہ ملت روڈ پر جاری ترقیاتی سکیموں، گلستان ڈسپوزل اسٹیشن اور ملت روڈ کی سائٹ کا دور کیا۔ ڈائریکٹرز فرحا ن اکرم،اویس جمال، سانول ملک، نعمان نور سمیت دیگر افسران بھی تھے۔ ایم ڈی واسا نے ملت روڈ پر جاری ترقیاتی کاموں کی اب تک ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا اور دونوں سکیموں کے تعمیراتی کاموں کو جنوری کے آخری ہفتے تک ہر صورت مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے گلستان ڈسپوزل اسٹیشن کی بیرون دیوار کی فوری تعمیر مکمل کرنے سمیت باقی سول ورک جلد نمٹانے کی تاکید کی۔ ایم ڈی واسا نے مزید کہا کہ ملت روڈ سے جامعہ چشتیہ چوک کی جانب ڈرینز لائنز کی ڈی سلٹنگ کرنے کے بعد اس کی بحالی بھی کی جائے۔ ایم ڈی واسا نے واضح کیا کہ شہریوں کو نکاسی آب کی معیاری سہولیات کی فراہمی کیلئے ترقیاتی سکیموں پر تیزی کیساتھ کام جاری ہے جس کی وجہ سے شہری ملت روڈ پر ٹریفک مسائل کا شکار ہیں تاہم ان سکیموں کی تکمیل کے بعد روڈز کی بحالی سے ملت روڈ کے اطراف میں قائم آبادیوں کے لاکھوں افراد کو سیوریج کی بہترین سہولیات مہیا ہونگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں