موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے بچنے کیلئے شجرکاری ناگزیر ہے

کمالیہ(نامہ نگار)وزیر ہاسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ پنجاب بلال یاسین نے کمالیہ میں شجرکاری مہم کا افتتاح کیا۔ انہوں نے چک نمبر 728 گ ب بھسی روڈ پر پودا لگا کر مہم کا باضابطہ آغاز کیا۔ اس موقع پر سابق ایم این اے چوہدری اسد الرحمن، پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما سردار رحیل انور گجر، اسسٹنٹ کمشنر کمالیہ اقرا ناصر اور محکمہ جنگلات کے افسران بھی موجود تھے ۔ وزیر ہاسنگ نے کہا کہ کمالیہ جنگل میں 18 ایکڑ رقبے پر 13,000 پودے لگائے جا رہے ہیں اور پلانٹ فار پاکستان مہم کے تحت صوبے بھر میں ڈیڑھ کروڑ پودوں کی جیو ٹیگنگ کی جا رہی ہے تاکہ ہر درخت کا مکمل ریکارڈ محفوظ رہے ۔ انہوں نے شجرکاری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے ، جس کا ثواب ہمیشہ ملتا رہے گا اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے بچنے کے لیے شجرکاری ناگزیر ہے ۔بعد ازاں، وزیر ہاسنگ بلال یاسین نے ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو کے ہمراہ رمضان سہولت بازار کا دورہ کیا اور وہاں فراہم کی جانے والی سہولیات، اشیائے خوردونوش کے نرخوں اور معیار کا جائزہ لیا۔ انہوں نے سستی چینی کے خصوصی اسٹال کا بھی معائنہ کیا اور انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں