موسمیاتی تبدیلی کے اثرات شجرکاری کے بغیر روکنا ناممکن ہے

سرگودہا (بیورو چیف) عالمی یوم جنگلات کے موقع پر وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے “درخت لگائیں پاکستان کے لیے” عزم کے تحت کمشنر سرگودہا ڈویڑن جہانزیب اعوان کی قیادت میں چاروں اضلاع میں میگا شجرکاری مہم کا آغاز ہو گیا ہے۔ سرگودہا میں سلانوالی روڈ پر مختلف کالجز اور سکولوں کے طلباء اور طالبات نے کمشنر جہانزیب اعوان اور ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائر ڈ محمد وسیم کی قیادت میں بیک وقت ایک ہزار پودے لگا کر میگا شجرکاری مہم کا آغاز کیا۔ تقریب میں کنزرویٹر جنگلات سید آصف اظہر نقوی، اے ڈی سی ایف اینڈ پی محمد ارشد وٹو، ڈی ایف او ندیم وڑایچ اور اسسٹنٹ کمشنر سید اسد عباس شیرازی سمیت اساتذہ کرام ،طلبہ و طالبات سرکاری افسران اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ کمشنر اور ڈپٹی کمشنر نے شجرکاری میں شریک طلبہ کے پاس جا کر ان کا حوصلہ بڑھایا اور انہیں تلقین کی کہ تناور درخت بننے تک وہ پودوں کا پہرا دیں۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات شجرکاری کے بغیر روکنا ناممکن ہے۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اپنے تعلیمی اداروں اور گھروں کے اندر باہر نہ صرف خود پودے لگائیں بلکہ دوسروں کو اپنے نام کا پودا لگانے اور ان کی حفاظت کرنے کا پیغام پہنچائیں ۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے وڑن کے مطابق مساجد، درباروں اور بھٹوں کے گرد “گرین زور” بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے. شجرکاری مہم میں پہلی بار ہر پودے کی جیو ٹیگنگ ہوگی۔ مزید بتایا گیا کہ سکولوں کالجز اور جامعات میں شجرکاری مہم بھرپور طریقے سے جاری ہے۔ اسی طرح تعلیمی اداروں میں آگاہی سیمینار ،تقریری اور پینٹنگ کے مقابلے بھی کروائے جا رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں