موٹروے پولیس نے ایمانداری کی مثال قائم کر د ی

اسلام آباد (بیوروچیف) نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے ایمانداری، پیشہ ورانہ صلاحیت، فرض شناسی اور عوامی خدمت کے عزم کا عملی ثبوت دیتے ہوئے تقریباً 22لاکھ روپے مالیت کے سونے کے زیورات اور دیگر قیمتی اشیا ان کے اصل مالک تک بحفاظت پہنچا دیں۔ تفصیلات کے مطابق گوادر کے قریب دورانِ پیٹرولنگ موٹروے پولیس کے افسران کو شاہراہ پر ایک بیگ ملا، جس میں قیمتی زیورات اور دیگر سامان موجود تھا۔ افسران نے فوری طور پر بیگ کو اپنی حفاظتی تحویل میں لے کر مالک کی تلاش شروع کر دی۔ ابتدائی کوششوں کے باوجود مالک کا سراغ نہ مل سکا۔بعد ازاں موٹروے پولیس نے بیگ میں موجود قیمتی اشیا کی تفصیلات صیغہ راز میں رکھتے ہوئے سوشل میڈیا اور مقامی ذرائع کے ذریعے گمشدہ بیگ سے متعلق آگاہی مہم چلائی تاکہ صرف حقیقی مالک ہی اس کی درست شناخت کر سکے۔اس دوران بیگ کے اصل مالک نے موٹروے پولیس سے رابطہ کیا۔ انہوں نے بیگ اور اس میں موجود اشیا کے بارے میں مکمل اور درست معلومات فراہم کیں۔ تمام ضروری قانونی کارروائی اور تصدیقی مراحل مکمل کرنے کے بعد بیگ بمعہ زیورات مالک کے حوالے کر دیا گیا۔بیگ کے مالک نے بتایا کہ سفر کے دوران ان کا بیگ سڑک پر گر گیا تھا اور انہیں اس کا علم بھی نہ ہو سکا۔ قیمتی سامان کی بحفاظت واپسی پر انہوں نے موٹروے پولیس کی ایمانداری، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور بروقت اقدامات کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے دلی شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر ڈی آئی جی ویسٹ زون بلوچستان، ڈاکٹر قریش خان نے اس قابلِ ستائش کارکردگی پر ڈیوٹی پر مامور افسران کو نقد انعام اور تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا۔ انہوں نے اس کارروائی میں شامل افسران کی ایمانداری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہموٹروے پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کو اپنی اولین ذمہ داری سمجھتی ہے۔ ہمارے افسران ہر حال میں قانون کی پاسداری، عوامی خدمت اور اعتماد کے فروغ کے لیے اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دیتے رہیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں