36

مویشی منڈیوں میں ٹیکس فری سیل پوائنٹس بنانے کا حکم

سرگودہا (بیوروچیف) ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم کی زیر صدارت عیدالاضحی کے موقع پر شہری سہولیات اور انتظامات کے حوالے سے ایک اہم و اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو فہد محمود، سی ای او سرگودھا ویسٹ مینجمنٹ کمپنی رانا شاہد عمران، سی او میونسپل کارپور یشن عمر فاروق، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ بابر رانجھا ، سی او ضلع کونسل اسد ہریا سمیت تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ عیدالاضحی کے موقع پر عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے مربوط حکمت عملی اپنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ شہر اور تحصیلوں میں قائم مویشی منڈیوں میں ٹیکس فری سیل پوائنٹس بنائے جائیں تاکہ بیوپاریوں اور شہریوں کو اضافی مالی بوجھ سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے واضح طور پر ہدایت کی کہ ان سیل پوائنٹس کے علاوہ کسی بھی غیرقانونی مقام پر مویشیوں کی خرید و فروخت کی اجازت نہیں دی جائے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ منڈیوں میں صفائی، پانی، روشنی، سکیورٹی، پارکنگ اور جانوروں کے لیے سایہ دار جگہوں کے انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ قربانی کے جانوروں کی نقل و حرکت اور فروخت کے دوران ٹریفک پلان بھی مرتب کیا جائے تاکہ ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر نے پریس کنٹرول مجسٹریٹس کو متحرک کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ گرانفروشی، ذخیرہ اندوزی اور ناقص اشیائے خوردونوش فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ انہوں نے تمام مجسٹریٹس کو ہدایت کی کہ عید سے قبل اور عید کے دنوں میں فیلڈ میں موجودگی کو یقینی بنایا جائے۔ ڈی سی نے صفائی کے سلسلے میں ایس ڈبلیو ایم سی اور میونسپل اداروں کو ہدایت کی کہ عید کے تینوں دنوں کے لیے خصوصی صفائی پلان مرتب کریں، آلائشوں کو بروقت ٹھکانے لگایا جائے، ڈسپوزل اسٹیشن فعال رکھے جائیں اور چونے کا چھڑکاؤ، جراثیم کش اسپرے سمیت دیگر ضروری اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے ہیلپ لائن اور کمپلینٹ سیل بھی فعال کیے جائیں۔ کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم نے سیوریج سسٹم کی صفائی، نالوں کی بروقت نکاسی اور ممکنہ بارشوں کے پیشِ نظر نکاسی آب کے لیے پیشگی انتظامات کی بھی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ تمام افسران اپنی ذمہ داریاں قومی جذبے سے سرانجام دیں تاکہ عید کے موقع پر شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی نہ ہو۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں