مویشی منڈی میں زائد فیس وصولی پر مقدمہ درج

سرگودہا (بیورو چیف) ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم کی خصوصی ہدایت پر تحصیلدار و سپیشل پرائس کنٹرول مجسٹریٹ سلانوالی چوہدری اعجاز احمد نے مویشی منڈی میں زائد فیس وصول کرنے پر کارروائی کرتے ہوئے ٹھیکیدار کیخلاف مقدمہ درج کروا دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق چک نمبر 130 شمالی پر منعقدہ مویشی منڈی میں چیکنگ کے دوران انکشاف ہوا کہ سیف اللہ ولد خضر حیات قوم گوندل، جو منڈی میں ٹھیکیدار کے نمائندے کے طور پر کام کر رہا تھا، چھوٹے جانوروں کے خریداروں سے مقررہ فیس دو سو روپے کے بجائے چار سو روپے فی جانور وصول کر رہا تھا۔واضح رہے کہ پنجاب کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ اینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق چھوٹے جانور کی فیس دو سو روپے مقرر ہے، جس میں سو روپے جانور فیس اور سو روپے منڈی فیس شامل ہیں۔ تحصیلدار نے موقع پر موجود فیس وصولی کی زائد رسیدیں قبضے میں لے کر قانونی کارروائی شروع کی۔ یہ کاروائی پنجاب پرائس کنٹرول ایکٹ 2023 کی دفعات 7 اور 10 کی خلاف ورزی کے تحت کی گئی۔ جس پر متعلقہ شخص کے خلاف تھانہ سلانوالی میں مقدمہ درج کر دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر سرگودہا کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم نے کہا ہے کہ عوام سے ناجائز وصولیوں اور سرکاری نرخنامے کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میںلائی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں