مکی مارکیٹ میں جتنے کام ہم نے کرائے کسی دوسری مارکیٹ میں نہیں ہوئے،سلطان بٹ

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) انجمن تاجران مکی کلاتھ مارکیٹ کا الیکشن 7 اگست تک ہو گا’ ہم اپنے حریف گروپ کوموقع دیتے ہیں کہ الیکشن کروانے کیلئے اپنے مرضی اور پسند کے نام ہمیں دیں ہم ان کے ہی دیئے ہوئے ناموں پر مشتمل الیکشن بورڈ تشکیل دیں گے تاکہ الیکشن کے نتائج پر اپوزیشن کا کوئی تحفظ باقی نہ رہے’ ان خیالات کا اظہار صدر انجمن تاجران مکی کلاتھ مارکیٹ سلطان بٹ نے مکی مارکیٹ کے بہت بڑے گروپ ملک برادران ملک ارشد’ ملک اختر’خرم شہزاد پاشاکی طرف سے تاجر انصاف گروپ کی حمایت کے اعلان کے موقع پر منعقدہ اجلاس کے شرکاء سے کیا’ اس موقع پر جنرل سیکرٹری عمران سلیمان’ چوہدری عبدالغفار پپو’حاجی شفیق’ ملک شاہد علی’ میاں طارق’ شیخ اویس کے علاوہ عہدیدار’ ممبران اور دکانداروں کی کثیر تعداد موجود تھی’ انہوں نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے مکی کلاتھ مارکیٹ میں جتنے کام ہم نے کروائے ہیں شہر کی کسی دوسری مارکیٹ میں نہیں ہے’ الیکشن میں ہم اپنی کارکردگی کے بل بوتے پر نکلیں اور سینہ چوڑا کر ووٹ مانگیں گے’ آج کا عظیم الشان اجتماع ہماری جیت کا اعلان کر رہا ہے مگر رسمی کاروائی ہونا ابھی باقی ہے’ انہوں نے کہا کہ الیکشن لڑنے کا سب کو حق ہے آئیں میدان میں اور الیکشن لڑیں اگر مکی کلاتھ مارکیٹ کے دکانداروں نے ہمارے مخالفین کو ووٹ دیا کہ ہم وعدہ کرتے ہیں کہ خوشی کے ساتھ دکانداروں کا یہ فیصلہ قبول کریں گے اور اپنی باری کا انتظار کریں گے’ مگر یہ نہیں ہو گا کہ دکاندار ہمیں ووٹ دیں اور صدر کوئی دوسرا کہلائے’ یہ روایت ختم ہونی چاہئے’ اس موقع پر ملکی کلاتھ مارکیٹ کے مضبوط دھڑے ملک برادران کے روح رواں ملک ارشد’ ملک اختر’خرم شہزاد پاشا نے سلطان بٹ اور ان کی ٹیم کو اپنی بھرپور حمایت کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ انشاء اللہ جیت آپ کی ہی ہو گی’ ہم آپ کیلئے ہر دکان پر جا کر ووٹ مانگیں گے اور آپ کو جتوائیں گے’ ہمیں معلوم ہو گیا کہ کام کون کرتا ہے اور صرف باتیں کون کرتا ہے’ ہماری ہرقسم کی سپورٹ آپ کے ساتھ ہے’ اس موقع پر سلطان بٹ کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے اور ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے گئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں