فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) مہنگائی کی بڑھتی ہوئی لہر نے کم آمدنی والے طبقے کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے، جس کے باعث روزمرہ استعمال کی بنیادی اشیاء عام شہری کی پہنچ سے دور ہوتی جا رہی ہیں۔چاول، چینی، گھی، آئل اور سرف جیسی ضروری اشیاء کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے غریب طبقے کے گھریلو بجٹ کو بری طرح متاثر کیا ہے۔اسی طرح ڈبہ بند دودھ کی قیمت بھی 370سے 400روپے فی لٹر تک پہنچ چکی ہے، جس کے باعث متوسط اور کم آمدنی والے گھرانوں کیلئے غذائی ضروریات پوری کرنا مزید مشکل ہو گیا ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے باعث بنیادی اشیائے خورونوش خریدنا مشکل ہو گیا ہے اور وہ حکومت سے قیمتوں میں استحکام اور موثر ریلیف اقدامات کا مطالبہ کر رہے ہیں۔




