میانمار میں آن لائن فراڈ سنٹرز سے38پاکستانی بازیاب

میانمار (مانیٹرنگ ڈیسک) میانمار میں آن لائن فراڈ سینٹرز کیخلاف مقامی فوج نے کریک ڈائن کرتے ہوئے38پاکستانیوں سمیت سینکڑوں غیر ملکیوں کو بازیاب کرالیا۔تھائی آرمی نے میانمار سرحد عبور کرتے ہوئے38 پاکستانیوں کو ریسکیو کرنے کے بعد بنکاک امیگریشن سینٹر منتقل کیا ، رہا کیے گئے پاکستانیوں کو مرحلہ وار ڈی پورٹ کیا جائے گا، اس حوالے سے تھائی لینڈ کے حکام نے حکومت پاکستان کو خط بھی لکھ دیا۔ تھائی حکومت کا کہنا ہے کہ میانمار میں مزید 60پاکستانی شیلٹر ہائوس میں موجود ہیں جو فراڈ سینٹرز سے نکل کر پہنچے تھے۔ تھائی حکومت نے پاکستانی اداروں سے ڈی پورٹ افراد سے تفتیش کے بعد ایجنٹوں کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کردیا، تھائی حکومت نے ڈی پورٹ ہوکر آنے والے پاکستانیوں کے نام 5سال کے لیے ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں بھی ڈالنے کا مطالبہ کیا۔دوسری جانب ایف آئی اے حکام کے مطابق تھائی لینڈ ، میانمار اور کمبوڈیا آن لائن فراڈ کے مرکز ہیں، فراڈ سینٹرز چلانے والے کال سینٹرز میں نوکریوں کے آن لائن اشتہار دیتے ہیں۔ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ نوجوانوں کو ورک ویزا پر بلا کر قید کر لیا جاتا ہے، پاکستانی ان ممالک میں ورک ویزوں اور ایسی آن لائن ملازمتوں کے جھانسے میں نہ آئیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں