مین چینلز اور سیوریج لائن کی ڈی سلٹنگ مزیدتیز کرنیکا حکم

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) مینیجنگ ڈائریکٹر سہیل قادر چیمہ نے مین چینلز اور سیوریج لائنوں کی ڈی سلٹنگ مزید تیز کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ ڈی ایم ڈی او اینڈ ایم محمد مقبول سنپال نے مین چینل ون غلام محمد محمد آباد میں کی جانے والی ڈی سلٹنگ کی انسپکشن کی۔ اس ضمن میں ایم ڈی واسا سہیل قادر چیمہ نے کہا کہ شہریوں کو نکاسی آب کی معیاری سہولیات کی فراہمی کے لئے مختلف علاقوں میں سیوریج لائنوں اور مین چینلز کی ڈی سلٹنگ مہم تیزی سے جاری ہے جس کی مسلسل مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آپریشنز سٹاف کی جانب سے مراد آباد مین لائن غلام محمد آباد سمیت دیگر مختلف علاقوں کی صفائی اور ڈی سلٹنگ مکمل کی گئی۔ اسی طرح اقبال شاہد کالونی ، رحمان کالونی ، یاسر ٹائون ، ڈپو بازار منصور آباد ، مظفر کالونی ، شیخ کالونی میں بھی ڈی سلٹنگ جاری رہی جبکہ سمن آباد بالمقابل جنرل ہسپتال ، برکت پورہ ، بھٹہ روڈ سیف آباد ، اسلامیہ پارک، سمندری روڈ مدنی کنڈا کے قریب بھی ڈی سلٹنگ کا عمل مکمل کیا گیا۔ ایم ڈی واسا سہیل قادر چیمہ نے واضح کیا کہ سیوریج لائنوں کی صفائی اور ڈی سلٹنگ کا کام بلاتعطل جاری ہے جس کے نکاسی آب کی سہولیات پر مثبت اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ ایم ڈی واسا کی ہدایت پر عمل درآمد کرتے ہوئے ڈی ایم ڈی او اینڈ ایم محمد مقبول سنپال نے ڈائریکٹر ڈرینج عثمان لطیف کے ہمراہ مین چینل ون غلام محمد آباد کی ہونے والی ڈی سلٹنگ کی انسپکشن کی اور واضح کیا کہ ڈی سلٹنگ شیڈول کے مطابق جاری رہنی چاہئے اور اس میں کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں