میڈیکل کالجز میں داخلے ‘نئی ہدایات

اسلام آباد (بیوروچیف) پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل نے میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلوں کے عمل سے متعلق سیشن 2025-26 کیلئے ہدایات جاری کر دی ہیں۔پی ایم اینڈ ڈی سی کے مطابق میڈیکل اور ڈینٹل انڈر گریجویٹ پروگرامز میں داخلے صرف متعلقہ صوبائی حکومتوں کی جانب سے نامزد کردہ ایڈمٹنگ یونیورسٹیز کے ذریعے ہی کیے جا سکیں گے، پی ایم اینڈ ڈی سی کی جانب سے وائس چانسلرز کو ارسال کردہ مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ تمام سرکاری اور نجی میڈیکل و ڈینٹل کالجز میں داخلے مرکزی (سنٹرلائزڈ) داخلہ نظام کے تحت اور پی ایم اینڈ ڈی سی میڈیکل اینڈ ڈینٹل انڈرگریجویٹ ایجوکیشن ریگولیشنز 2025 کے عین مطابق ہوں گے، ضوابط کے برخلاف یا غیر مجاز طریقے سے کیے گئے داخلے غیر قانونی تصور ہوں گے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق سرکاری میڈیکل کالجز میں داخلوں کی ہر سال آخری تاریخ 31 دسمبر، نجی میڈیکل کالجز کے لیے 31 جنوری، سرکاری ڈینٹل کالجز کے لیے 15 فروری جبکہ نجی ڈینٹل کالجز کے لیے 28 فروری مقرر کی گئی ہے، پی ایم اینڈ ڈی سی نے خبردار کیا ہے کہ ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے داخلہ حاصل کرنے والے طلبہ کی رجسٹریشن نہیں کی جائے گی، جبکہ اس کی ذمہ داری متعلقہ ایڈمٹنگ یونیورسٹی اور ادارے پر عائد ہوگی، کونسل نے تمام یونیورسٹیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ داخلوں کے عمل میں اپنے قانونی، انتظامی اور ریگولیٹری فرائض کی سختی سے پاسداری کریں، پی ایم اینڈ ڈی سی نے اس فیصلے کی نقول تمام تسلیم شدہ میڈیکل و ڈینٹل کالجز، صوبائی محکمہ صحت، وزارت قومی صحت، اور متعلقہ حکام کو ارسال کر دی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں