نامعلوم افراد کی فائرنگ سے نوجوان قتل،مبینہ پولیس تشدد سے منشیات فروش دم توڑ گیا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈی آئی بی لائلپور ٹائون کے زیرحراست منشیات فروش مبینہ تشدد سے جاں بحق’ نامعلوم افراد کی فائرنگ سے نوجوان قتل’ پولیس نے نعشیں تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے تفتیش شروع کر دی۔ بتایا جاتا ہے کہ ڈی آئی بی لائلپور ٹائون کے سیکٹر انچارج رانا اصغر نے اپنی ٹیم کے ہمراہ منڈی کوارٹر سے منشیات فروش ملزم شہباز کی نشاندہی پر 50سالہ پرویز مسیح ولد شریف مسیح کو حراست میں لیکر پرائیویٹ گاڑی میں ڈال کر مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا جس کے باعث وہ گاڑی میں طبیعت خراب ہونے پر زندگی کی بازی ہار گیا تو انسپکٹر رانا اصغر نے نعش لیکر تھانہ غلام محمد آباد پہنچا تو ایس ایچ او تھانہ غلام محمد آباد انسپکٹر رانا مغفور نے نعش کو تھانے کے اندر نہ جانے دی تو وہ پرویز مسیح کی نعش کو چارپائی پر ڈال کر تھانہ کے باہر رکھ دی تو لوگوں کی بڑی تعداد تھانہ کے باہر جمع ہو گئی۔ سی پی او صاحبزادہ بلال عمر نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے قائمقام ایس ایس پی آپریشن ناصر محمود باجوہ کو معاملہ کی انکوائری کرنے کا حکم دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ انکوائری رپورٹ آنے پر مزید محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ تاہم نعش کو پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ تھانہ ساہیانوالہ کے علاقہ 130 رب میں نامعلوم ملزمان نے کھیتوں میں کام کرنے پر 35سالہ قیصر ولد نذیر کو گولیاں مار کر موت کے گھاٹ اتار دیا، پولیس نے اطلاع ملتے ہی نعش قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے قاتلوں کی تلاش شروع کر دی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں