ناولٹی اور جھال خانوآنہ پل کی مرمت کیلئے7کروڑ85لاکھ فنڈز منظور

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) کفر ٹوٹا خدا خدا کرکے’کے مصداق ڈیلی بزنس رپورٹ کی بار بار نشاندہی پرضلعی انتظامیہ کو شہر کے خستہ پلوں خیال آ گیا’جھال خانوآنہ پل کے ایکسپنشن جوائنٹ کی تبدیلی اور ناولٹی پل کی مرمت کیلئے 7کروڑ 85لاکھ فنڈز کی منظوری دیدی گئی۔ یہ منصوبہ کمیونیکیشن اینڈ ورکس ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے زیراہتمام مکمل کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ ”ڈیلی بزنس رپورٹ” نے جھال خانوآنہ پل کے دونوں اطراف جوائنٹس کی ٹوٹ پھوٹ اور ناولٹی پل میں جگہ جگہ گڑھے پڑنے کے متعلق متعدد بار خبریں شائع کیںاورحکومتی نمائندوں کے ساتھ ساتھ ضلعی انتظامیہ کے افسران کوبھرپور طریقے سے جھنجھوڑا کہ پلوں کی ٹوٹ پھوٹ کی وجہ سے شہریوں کی قیمتی گاڑیاں تباہ اور حادثات کی شرح میں اضافہ بھی ہو رہا ہے۔ جس پرضلعی انتظامیہ کو ہوش آ گیا اور انہوں نے مذکورہ پلوں کی مرمت اور آرائش وبحالی کیلئے فنڈز کی منظوری دے دی۔ اس حوالے سے گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی زیرصدارت ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں اس اہم منصوبے کی منظوری دی گئی’واضح رہے کہ عبدالرشید غازی چوک (سابق جی ٹی ایس چوک) سے ستیانہ روڈ’ ستیانہ روڈ سے واپس عبدالرشید غازی چوک (سابق جی ٹی ایس چوک) تا سمندری روڈ سمیت جھال خانوآنہ پل پر 108جوائنٹس کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔ جسکی لمبائی 3471 آر ایف ٹی (رننگ فٹ) ہے۔ اس پر 4کروڑ 10لاکھ روپے لاگت آئے گی جبکہ ناولٹی پل کی کارپٹنگ بھی کی جائے گی۔ جس پر 3کروڑ 75لاکھ لاگت کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ شہری حلقوں نے عوامی مسائل کو اجاگر کرنے اورانہیں حل کروانے پر ”ڈیلی بزنس رپورٹ” کو خراج تحسین بھی پیش کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں