نبی کریمۖ کی سیرت دنیا کیلئے روشنی کا مینار اور امن کا پیغام ہے،محمد آصف چوہدری

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ایف ڈی اے کمپلیکس کی مسجد میں انقلابی ورکرز یونین کے زیراہتمام محفل میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم منعقد ہوئی جس میں ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری مہمان خصوصی تھے جبکہ افسران و سٹاف، انقلابی ورکرز یونین کے عہدید اروں رائے آصف، صداقت بلوچ، میاں منیب، اسلم انصاری، شیخ عمران و دیگر عاشقان رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم بڑی تعداد میں محفل میلاد میں شریک تھے۔اس موقع پر نعت خواں حضرات نے بڑی خوش الحانی سے سرور کائنات کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حضور گلہائے عقیدت پیش کئے۔ قاری گلزار رمضان نے سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے مختلف پہلوں کے بارے میں خوبصورت بیان سے حاضرین کے دلوں کو منور کیا۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تشریف آوری سے انسانیت کو عزت و تکریم حاصل ہوئی، اسوہ رسول ۖ ہر انسان کیلیے مکمل ضابطہ حیات اور کامل نمونہ ہے جس پر عمل پیرا ہو کر معاشرے میں بڑھتی ہوئی نفرتوں کو ختم کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا امت میں اتحاد، امن اور رواداری کے فروغ کیلئے تعلیمات مصطفی ۖ کو اپنانا ہو گا۔ انہوں نے منتظمین کی مبارک کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ محفل میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے انعقاد سے ایمان تازہ ہوا ہے لہزا ہمیں اپنی زندگیوں میں ہمہ وقت سیرت طیبہ کی صدق دل سے پیروی کو شامل کرنا چاہیئے۔ قاری گلزار رمضان نے اپنے ایمان افروز بیان میں کہا کہ نبی کریم ۖ وجہ تخلیق کائنات ہیں، جشن ولادت کی خوشیاں منانے والوں کو پیغام مصطفی ۖ پر عمل بھی کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ میلادالنبی ۖ منانا اہل ایمان کا شیوہ ہے، عید میلادالنبی ۖ پر اپنے ظاہر و باطن کو سنت رسول ۖکے مطابق سجانے کا عہد کریں، مسلمانوں کے لیے محبت رسولۖ کا جذبہ ناقابل تسخیر طاقت ہے نبی کریم ۖکی آمد کی خوشی منانا ہمارا ایمانی تقاضا ہے آپ ۖ کی محبت دنیا و آخرت میں کامیابی کی ضمانت ہے۔ رسول اللہ ۖ کی ولادت با سعادت سے بڑھ کر جہاں میں کوئی خوشی نہیں ، انھوں نے مزید کہا کہ حضور نبی کریم ۖ کے ساتھ اپنی جان، اولاد اور مال سے زیادہ محبت کیے بغیر ایمان مکمل نہیں ہوتا۔ رسول اکرم ۖ کی سیرت دنیا کے لیے روشنی کا مینار اور امن کا پیغام ہے۔ قدرتی آفات انسانیت کے لیے تنبیہ اور آزمائش ہیں۔ جشن میلاد النبی ۖ کے موقع پر تمام مکاتب فکر کے درمیان رواداری، احترام، اور بھائی چارے کو فروغ دیا جائے۔ محفلِ میلاد کے آخر میں امت مسلمہ کے اتحاد، پاکستان کی ترقی و خوشحالی،سلامتی و استحکام، ملک کے معاشی مسائل کے جلد حل ، پاکستان میں نظام مصطفی ۖ کے عملی نفاذ، غزہ کے مسلمانوں کی ظلم و ستم سے نجات اور سیلاب زدگان کی جلد بحالی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں