نومنتخب سینیٹر مراد سعید کے نااہل ہونیکا خدشہ،PTIقیادت پریشان

اسلام آباد (عظیم صدیقی) مراد سعید 60دن بعد نااہل ہو جائیں گے، پی ٹی آئی قیادت پریشان۔ نومبر 2021میں سابق وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں پی ٹی آئی حکومت نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے ذریعے انتخابی قانون میں ترمیم کی تھی، جس کے تحت کسی بھی نومنتخب رکن پارلیمنٹ کے لیے ضروری ہے کہ وہ 60دن کے اندر پارلیمنٹ کے فلور پر حلف لے، بصورت دیگر اس کی نشست خودبخود خالی تصور کی جائے گی۔سابق وفاقی وزیر مراد سعید، جو اب تک چھپے بیٹھے ہیں انہیں عدالتوں سے ضمانت حاصل کر کے سینیٹ کے فلور پر آ کر حلف لینا ہوگا، ورنہ ان کا منتخب ہونا ضائع ہو جائے گا۔ اپریل 2021میں پی ٹی آئی حکومت نے ایک آرڈیننس کے ذریعے الیکشنز ایکٹ 2017میں ترمیم کی تھی، جس میں قومی اسمبلی، صوبائی اسمبلیوں، سینیٹ اور بلدیاتی نمائندوں کے لیے 60دن میں حلف لینا لازمی قرار دیا گیا تھا، بصورت دیگر انہیں نااہل قرار دیا جاتا اور نشست خالی تصور ہوتی۔ یہ آرڈیننس 10اپریل 2021کو وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد صدر عارف علوی نے جاری کیا۔ اس کے بعد حکومت نے جون 2021میں الیکشن (دوسری ترمیمی) بل 2021متعارف کرایا، جس میں یہی شق شامل کی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں