نیشنل ریسکیو چیلنج 2025ئ’فیصل آباد کی ٹیم کی شاندار کارکردگی،دوسری پوزیشن حاصل کرلی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد ٹیم نے نیشنل ریسکیو چیلنج 2025میں شاندار کارکرد گی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ سیکرٹری ایمرجنسی سروس ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر رضوان نصیر کی ہدایت پر پنجاب ایمرجنسی سروس ڈیپارٹمنٹ کے تحت لاہور میں نیشنل ریسکیو چیلنج 2025کا انعقاد کیا گیا۔ اس چیلنج میں پنجاب ریسکیو 1122کے تمام ڈویژن کی ٹیموں کے علاوہ پاک فوج، یونیورسٹی آف پنجاب، سی ڈی اے، سندھ ریسکیو ، گلگت بلتستان ریسکیو اور خیبر پخونخواہ ریسکیو کی ٹیموں نے بھرپور شرکت کی۔ریسکیو 1122فیصل آباد کی ٹیم نے ریجنل ایمرجنسی آفیسر فیصل آباد ڈویژن فہیم قریشی اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر احتشام واہلہ کی زیرِ قیادت چیلنج میں حصہ لیا۔ ٹیم نے زبردست جوش و جذبے، نظم و ضبط، تیز رفتاری اور اعلی پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے شاندار کارکردگی دکھائی۔ مقابلوں میں ٹراما ریسکیو، ہائٹ ریسکیو، فائر فٹ، ویل ریسکیو،تیرا کی اور واٹر سکوبا ریسکیو جیسے اہم ایونٹس شامل تھے۔ فیصل آباد کی ٹیم نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواتے ہوئے چیلنج میں دوسری پوزیشن حاصل کی۔ماہرین اور ججز کی جانب سے فیصل آباد ٹیم کی کارکردگی کو زبردست سراہا گیا۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر احتشام واہلہ نے کہا کہ ریسکیو چیلنج جیسے مقابلے ریسکیورز کے اعتماد، عملی صلاحیتوں اور ٹیم ورک کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔سیکرٹری ایمرجنسی سروس ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر رضوان نصیر اور ریجنل ایمرجنسی آفیسر فیصل آباد ڈویژن فہیم قریشی نے ریسکیو 1122 فیصل آباد کی ٹیم اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر احتشام واہلہ کو شاندار کارکردگی پر ٹرافی اور مبارکباد پیش کی اور ان کی محنت و لگن کو قابلِ تحسین قرار دیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ فیصل آباد ٹیم اسی جذبے اور پیشہ ورانہ معیار کے ساتھ مستقبل میں بھی نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتی رہے گی۔دریں اثناء ۔لاہور(بیورو چیف) لاہور میں منعقدہ نیشنل ریسکیو چیلنج میں ریسکیو 1122فیصل آ با د کی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہو ئے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ اس کامیابی پر سینٹرل اسٹیشن ریسکیو 1122 فیصل آباد میں ریسکیو اسٹاف کی جانب سے ٹیم کا پرجوش اور شاندار استقبال کیا گیا۔ریسکیو اہلکاروں نے ٹیم کو پھولوں کے ہار پہنائے اور شاباش دی۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینیئر احتشام واہلہ نے ٹیم کی محنت، پیشہ ورانہ مہارت اور جذبے کو سراہا اور کہا کہ:”یہ کامیابی فیصل آباد کی ٹیم کی دن رات کی محنت، مسلسل تربیت اور عوامی خدمت کے جذبے کا منہ بولتا ثبوت ہے۔”انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کے چیلنجز نہ صرف ریسکیورز کی صلاحیتوں کو نکھارتے ہیں بلکہ ایمرجنسی کی صورت میں فوری اور مثر رسپانس کو بھی یقینی بناتے ہیں۔تقریب کے اختتام پر تمام ٹیم ممبران کو اعزازی شیلڈز اور سرٹیفکیٹس بھی دیے گئے۔ ریسکیو 1122 فیصل آباد مستقبل میں بھی اسی جذبے سے عوامی خدمت کا سلسلہ جاری رکھے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں