واسا فیصل آباد نے موسم برسات کے دوران نکاسی آب کے انتظامات مکمل کرلئے ہیں،بیرسٹر سلطان باجوہ

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے ہائوسنگ، اربن ڈویلپمنٹ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ بیرسٹر سلطان باجوہ نے کہا ہے کہ واسا فیصل آباد نے موسم برسات کے دوران نکاسی آب کی معیاری سروسز کی فراہمی کے لئے تمام تر انتظامات مکمل کر لئے ہیں، تمام مشینری فنکشنل جبکہ ڈسپوزل اسٹیشن پر بجلی کے متبادل انتظامات بھی کئے گئے ہیں۔ انہوں نے مینجنگ ڈائریکٹر واسا عامر عزیز کے ہمراہ واسا ہیڈ آفس میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف فیصل آباد سمیت پنجاب بھر میں نکاسی آب کی بہترین سروسز پر فوکسڈ ہیں اور ایک جامع اور موثر پلان کے تحت واسا فیصل آباد نے گزشتہ ایک سال کے دوران نکاسی و فراہمی آب کی سروسز ڈیلیوری کے حوالے سے بہت زیادہ امپروومنٹ کی ہے اور اس وقت واسا فیصل آباد پنجاب بھر کے تمام واساز میں کارکردگی کے لحاظ سے سرفہرست ہے۔ صوبائی پارلیمانی سیکرٹری نے مزید کہا کہ مون سون پلان کے تیاری کے سلسلے ڈرینج نالوں اور سیوریج لائنز کی ڈی سلٹنگ مکمل ہو چکی ہے جبکہ اس کے ساتھ ساتھ مرکزی کنٹرول 15 جون سے فعال ہو جائے گا جبکہ تمام مشینری کی انسپکشن بھی کی جارہی ہے اور مون سون سیزن میں شہریوں کو نکاسی آب کے حوالے سے پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ریونیو ریکوری میں بھی واسا فیصل آباد نے نمایاں اضافہ کیا ہے گزشتہ سال اپریل میں جو ریکوری 26کروڑ روپے تھی اپریل 2025 میں 37کروڑ روپے ہو چکی ہے اور امید ہے کہ واسا اپنے اخراجات پورے کرنے کے لئے مستحکم ہو رہا ہے جو کہ ایک پازیٹو سائن ہے۔ بیرسٹری سلطان باجوہ نے کہا کہ واسا فیصل آباد کی جانب سے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت 14نئی ترقیاتی سکیموں میں سے 8سکیموں پر تعمیراتی کام شروع ہو چکا ہے جبکہ باقی سکیموں پر جلد کام شروع ہو جائے گا اور ان تمام ترقیاتی سکیموں پر کام مکمل ہونے پر شہریوں کے نکاسی آب کے مسائل پر کافی حد تک قابو پا لیا جائے گا۔ قبل ازیں منیجنگ ڈائریکٹر واسا عامر عزیز نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ واسا 225کلو میٹر ایریا میں سیوریج کی سروسز فراہم کررہا ہے جبکہ سیوریج لائنوں کی مجموعی لمبائی 2110کلومیٹر ہے جن کی ڈی سلٹنگ مکمل کی جارہی ہے اسی طرح چار نئے ڈسپوزل اسٹیشن تعمیر کئے گئے ہیں جن میں چکیرہ، گلستان کالونی، ڈجکوٹ اور پی ایس 42شامل ہیں جن کے آپریشنل ہونے سے ملحقہ آبادیوں کو سیوریج ڈسپوز آف کرنے حوالے سے بہت ریلیف ملے گا۔ انہوں نے واسا فیصل آباد کی مجموعی کارکردگی، سیوریج، واٹر سپلائی، ریونیو ریکوری، فارن فنڈڈ پراجیکٹس، سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت سکیموں سمیت دیگر امور پر تفصیلی بریفنگ دی جسے صوبائی پارلیمانی سیکرٹری بیرسٹر سلطان باجوہ نے سراہا۔ ڈی ایم ڈی سروسز اکرام اللہ چوہدری نے مون سون سیزن بارے تیاریوں، مشینری اور گاڑیوں کے فنکشنل ہونے سمیت دیگر امور بارے بریفنگ دی۔ ڈی ایم ڈی انجینئرنگ ثاقب رضا نے اے ڈی پی کی ترقیاتی سکیموں کی اپ ڈیٹ صورتحال بارے تفصیلی بریف کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں