واسا کا کنٹرول روم عید کے ایام میں فعال رہیگا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) منیجنگ ڈائریکٹر واسا عامر عزیز کی ہدایت پر عیدالاضحی کے ایام میں شہریوں کی شکایات کے بروقت ازالے کے لئے کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے اور شہری کسی بھی شکایت کے اندراج کے لئے ٹال فری ہیلپ لائن 1334پر رابطہ کر سکتے ہیں۔ اس ضمن میں انہوں نے کہا کہ واسا فیصل آباد کا کنٹرول روم عیدالاضحی کی تعطیلات کے دوران 24 گھنٹے فعال ہو گا جہاں پر سٹاف کو خصوصی ڈیوٹیز تفویض کر دی گئیں ہیں جو تین شفٹوں میں عوام کی شکایات کا اندراج کر کے فیلڈ سٹاف تک پہنچائے گا تاکہ شہریوں کو شکایات کو تیز رفتاری کے ساتھ حل کیا جا سکے۔ ایم ڈی واسا نے مزید کہا کہ واسا فیصل آباد انتظامیہ کی جانب سے نکاسی و فراہمی آب کی معیاری سروسز مہیا کرنے کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہری عیدالاضحی کے موقع پر قربانی کے جانوروں کی باقیات اور آلائشیں مین چینلز اور ڈرینج نالوں میں ہرگز نہ پھینکیں اسی طرح سیوریج لائنوں میں بھی سالڈ ویسٹ ، جانوروں کا چارہ سمیت دیگر پلاسٹک اشیا پھینکنے سے گریز کریں تا کہ سیوریج سسٹم میں بلاکیج پیدا نہ ہو۔ ایم ڈی واسا نے واضح کیا کہ شہری ٹال فری نمبر 1334، ڈائریکٹ نمبر 041-5481334اور واٹس ایپ نمبر 0321-9991334پر اپنی شکایات کا اندراج کروا سکتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں