2

واسا کی بہترین کارکردگی،1سال میں8554مسنگ ہولز کور

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) منیجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا نے کہا ہے کہ گزشتہ سال یکم جنوری2025 سے لیکر31دسمبر 2025 ء تک 8554 مسنگ مین ہولز کو مقرر کردہ ٹائم فریم کے مطابق کور کیا گیا ہے جبکہ گزشتہ ایک ماہ میں 791 مین ہولز کو کور کیا گیا اسی طرح مین سڑکوں اور ملحقہ روڈز کے برساتی نالوں کی ٹوٹ پھوٹ کا شکار1300 سلیب تبدیل کرتے ہوئے4200 فٹ ایریا کو پہلے ہی کور کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات پر قیمتی انسانی زندگیوں کے تحفظ کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں اور مسنگ مین ہولز کو جنگی بنیادوں پر کور کیا جارہا ہے۔ ایم ڈی واسا نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور واسا فیصل آباد کے مابین مکمل ہم آہنگی کے ساتھ مختلف ٹیمیں فیلڈ میں موجود ہیں اور مسنگ مین ہولز بارے سروے اور نشاندہی کرتے ہوئے مختصر وقت میں کور کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے اسی طرح واسا فیصل آباد کی جانب سے مین ہولز کی چوری پر ایف آئی آر کے اندراج کے لئے درجنوں درخواستیں متعلقہ تھانوں میں دی گئیں جن میں سے بعض پر چوری کی ایف آئی آر بھی درج کر کے کارروائی شروع کی گئی۔ انہوں نے زور دیا کہ مین ہولز کی چوری میں نشئی اور خانہ بدوشوں پر کڑی نظر رکھنے کی ضرورت ہے جو رات کی تاریکی میں مین ہول کورز کی چوری میں ملوث ہیں ان کی انفرادی غلطی کا وبال اجتماعی بن جاتا ہے۔ ایم ڈی واسا نے واضح کیا کہ واسا فیصل آباد کی جانب سے مقرر کئے گئے سٹاف کی جانب سے مسنگ مین ہولز بارے متعدد سروے کلیئر ہو چکے ہیں جبکہ متعلقہ افسران سے ان کو ری چیک بھی کروایا جارہا ہے جبکہ2 درجن سے زائد ٹیمیں فیلڈ میں سیوریج لائنوں کے مسنگ مین ہولز کی سلیبس کی مرمت اور تعمیر کیلئے دن رات فرائض انجام دے رہی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں