واسا کی ترقیاتی سکیموں پر جلد کام شروع کرنیکا حکم

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) منیجنگ ڈائریکٹر واسا نے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت ترقیاتی سکیموں پر جلد تعمیراتی کام شروع کرنے کا حکم جاری کیا ہے اور واضح کیا ہے کہ اہم نوعیت کی سکیموں کو مون سون سیزن سے قبل مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو اس کے ثمرات حاصل ہو سکیں۔ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات پر 12۔ ارب روپے کا پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام منظور کیا گیا ہے جس کے تحت متعدد ترقیاتی سکیموں کی تعمیرات کے حوالے سے تیاریاں مکمل کر لی گئیں ہیں اب واسا کے متعلقہ افسران کی ذمہ داری ہے ان ترقیاتی سکیموں پر تعمیراتی کاموں کو جلد سے جلد شروع کروائیں۔ ایم ڈی واسا نے مزید کہا کہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام میں شامل ایسی ترقیاتی سکیمیں جو اہم نوعیت یا کریٹیکل ہیں ان پر تیز رفتاری کے ساتھ کام شروع کروایا جائے تاکہ وہ رواں سال کے موسم برسات سے قبل مکمل کی جا سکیں اور ان سکیموں کی تکمیل پر شہریوں کو نکاسی آب کی معیاری سہولیات مہیا ہو سکیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہر بھر کے تمام پونڈنگ پوائنٹس کا خاتمہ ترجیحی بنیادوں پر کیا جائے یا ان پوائنٹس پر پانی کی نکاسی کے لئے جامع اور پائیدار حل نکالا جائے۔ ایم ڈی واسا نے واضح کیا کہ وزیراعلی پنجاب کے شکرگزار ہیں کہ فیصل آباد کے شہریوں کے لئے نیا ڈویلپمنٹ پروگرام جاری کیا اور اس کے تحت شہریوں کے سیوریج مسائل حل ہونگے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں