واسا کے ہیڈ آفس کو سولر سسٹم پر منتقل کرنیکا فیصلہ،ایم ڈی کی لاگت کا تخمینہ لگانے کی ہدایت

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) واسا فیصل آباد کے ہیڈآفس کو سولر سسٹم پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کیلئے مینجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا نے لاگت کا تخمینہ لگانے کی ہدایت کردی ہے جبکہ یہ بھی واضح کیا ہے کہ آئندہ مون سون سیزن سے قبل نیا کنٹرول روم قائم کرکے آپریشنل ہونا چاہئے۔ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بجلی کے بلز کی ادائیگی سے ہمیشہ کے لئے چھٹکارا حاصل کرنے کے لئے پہلے مرحلے میں ہیڈآفس کو سولر سسٹم پر منتقل کرنے کے لئے خصوصی پلان تشکیل دیا جائے اور سولر سسٹم کی انسٹالیشن کے حوالے سے مجوزہ لاگت کا تخمینہ لگایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہیڈ آفس کے بعد دیگر دفاتر اور عمارتوں کو بھی سولر سسٹم پر منتقل کیا جائے گا تاکہ فیسکو کے بھاری بلز سے نجات مل سکے۔ ایم ڈی واسا نے مزید کہا کہ جائیکا پراجیکٹ جھال خانوانہ سمیت دیگر کو بھی سولر سسٹم پر منتقل کرنے کی پلاننگ مکمل کر لی گئی ہے جس پر مرحلہ وار عمل درآمد کیا جائے گا۔ایم ڈی واسا نے مزید کہا کہ شہریوں کی شکایات کے اندراج اور مختصر وقت میں ان کے حل کے لئے نیا کنٹرول روم قائم کیا جائے گا جس کے لئے پیپر ورکنگ مکمل کر لی گئی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ آئندہ مون سون سے قبل نیا کنٹرول روم قیام کے بعد مکمل آپریشنل ہونا چاہئے تاکہ شہریوں کی شکایات کا بروقت ازالہ ممکن بنایا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں